خواتین میں چھاتی کا کینسر: کرن کے زیر اہتمام آگاہی پروگرام کا انعقاد
ڈائریکٹر اختر احمد کا کہنا تھا کہ کینسر کی اقسام میں چھاتی کے کینسر کا مرض 2020ء میں عام تشخیص کیا جانے والا مرض بن گیا ۔
اٹامک انرجی کینسر اسپتال (کرن) کے ڈائریکٹر اختر احمد نے کہا کہ خواتین میں چھاتی کے کینسر سے متعلق آگاہی کے لیے میڈیا کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
ہر سال دنیا بھر میں خواتین کی ایک بڑی تعداد چھاتی کینسر میں مبتلا ہو کر ہلاک ہو جاتیں ہیں۔ اٹامک انرجی کینسر ہسپتال (AECH) ، کراچی انسٹی ٹیوٹ فار ریڈیو تھراپی اینڈ نیوکلیئر میڈیسن (کرن)کے زیرِ اہتمام چھاتی کے کینسر سے متعلق آگاہی کے حوالے سے پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔
مقررین اور ماہرین نے اس مہلک مرض کے پھیلاؤ اور بچاؤ کے بارے میں مفید معلومات فراہم کیں۔ کینسر پر تحقیق کرنے والی بین الاقوامی ایجنسی کی طرف سے اکتوبر کے مہینے کو چھاتی کے کینسر سے آگاہی کا مہینہ قرار دیا گیا ہے جس کے تحت مختلف پروگراموں کے ذریعے خواتین کو ضروری معلومات اور آگاہی فراہم کی جارہی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
پاکستانی ماہرین کا کارنامہ، خون کے سرطان کا ممکنہ علاج دریافت
دو سال بعد بھی کورونا نہیں تھکا، نیا ویرینٹ آگیا
تقریب کی مہمانِ خصوصی معروف اداکارہ ، ماڈل اور فیشن ڈیزائنر نادیہ حسین نے بیماری کی جلد تشخیص کی جانچ کرانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے حوالے سے میڈیا کو اس ضمن میں اپنا فعال و موثر کردار ادا کرنا چاہیے۔
اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اٹامک انرجی کینسر ہسپتال (کرن) کے ڈائریکٹر اختر احمد نے کہا کہ ہر سال اکتوبر کا مہینہ دنیا بھر میں چھاتی کے سرطان سے آگاہی کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اس کارِخیر میں اپنا حصہ ڈالنے کے لئے آج ہم نے AECH (کرن) میں اس واک اور آگاہی پروگرام کا انعقاد کیا ہے۔ یہ سرگرمی ہر سال کی جاتی ہے جس کا مقصد لوگوں کو میمو گرافی کے ذریعے بیماری کی جلد تشخیص کے بارے میں آگاہ کرنا ہے ۔ ہم اس ماہ ان خواتین کی مفت اسکریننگ میمو گرافی کرتے ہیں جن کی عمر 40 سال سے زیادہ ہے اور جو بیماری کی جلد تشخیص کی جانچ کرانا چاہتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ آگاہی پروگرام کینسر کے شکار لوگوں کو حوصلہ دینے اور ان کی ہر ممکن مدد کے لیے ترتیب دیا گیا ہے جس کا مقصدچھاتی کے کینسر کی تعلیم اور آگاہی کے پھیلاؤ سے ایک ایسی مضبوط اور توانا کمیونیٹی کی تشکیل کرنا ہے جہاں پر کوئی فرد چھاتی کے کینسر کا مقابلہ کرنے کے لئے تنہا نہ ہو۔
ڈائریکٹر اختر احمد کا کہنا تھا کہ کینسر کی اقسام میں چھاتی کے کینسر کا مرض 2020ء میں عام تشخیص کیا جانے والا مرض بن گیا ۔ انٹرنیشنل ایجنسی فار ریسرچ آن کینسر(IARC) کے اعداد وشمار کے مطابق 2020ء میں چھاتی کے کینسر کے 2.26 ملین سے زائد نئے مریض سامنے آئے اور اس مرض کی وجہ سے 685000 اموات واقع ہوئیں ۔ کینسر سے ہونے والی مجموعی اموات میں چھاتی کا کینسر پانچویں نمبر پر ہے IARC کے اعداد و شمار کے مطابق 2040ء تک چھاتی کے کینسر کے واقعات میں ایک تہائی سے زائد اضافہ ہوجائے گا ۔ ہر سال نئے مریضوں کی تعداد میں تین ملین سے زائد کا اضافہ ہوگا اور چھاتی کے کینسر سے ہونے والی اموات میں نصف ملین سے ایک ملین تک اضافے کا امکان ہے ۔
مقررین نے لوگوں سے درخواست کی کہ وہ اپنی حمایت ثابت کرنے کے لئے چھاتی کے کینسر سے متعلق آگاہی کی اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ۔ کمیونیٹی اور یکجہتی کے ذریعے ہم اجتماعی طور پر اس بیماری کے بارے میں آگاہی پھیلا سکتے ہیں اور ان لوگوں کی مدد کر سکتے ہیں جن سے ہم بہت محبت کرتے ہیں اور جن کا ہم بہت خیال رکھتے ہیں ۔