برطانیہ نے کورونا علاج کے لیے ٹیبلٹ کی منظوری دے دی

ٹیبلٹ 'مولنوپیراویر' اُن مریضوں کو دن میں دو بار دی جائے گی جن میں کورونا وائرس کی تشخیص حال ہی میں ہوئی ہے۔

کورونا وائرس کے علاج کے لیے تیار کی گئی پہلی ٹیبلٹ کو برطانیہ کے ادویات ریگولیٹرز نے منظور کرلیا ہے۔ ٹیبلٹ ‘مولنوپیراویر’ اُن مریضوں کو دن میں دو بار دی جائے گی جن میں کورونا وائرس کی تشخیص حال ہی میں ہوئی ہے۔

یہ گولی دراصل نزلے زکام کے علاج کے لیے بنائی گئی تھی لیکن طبی آزمائش کے دوران یہ معلوم ہوا کہ اس کے ذریعے کورونا مریض کے اسپتال میں داخل ہونے یا مرنے کے امکانات آدھے رہ جاتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

دنیا بھر میں کورونا وائرس اموات 50 لاکھ سے تجاوز کرگئیں

انسداد کورونا ویکسی نیشن: پاکستان نے 10 کروڑ خوراک کا سنگ میل عبور کرلیا

برطانیہ کے سیکرٹری صحت نے کہا کہ یہ علاج کمزور اور کم قوت مدافعت رکھنے والے افراد کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگا۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ آج ہمارے ملک کے لیے ایک تاریخی دن ہے کیونکہ برطانیہ دنیا کا پہلا ملک بن چکا ہے جس نے کورونا وائرس کے علاج کے لیے اینٹی وائرل کی منظوری دے دی ہے جسے گھر بیٹھے کھایا جاسکتا ہے۔

مولنوپیراویر کو امریکی ادویات ساز کمپنیز نے تیار کیا ہے، یہ کورونا کی پہلی اینٹی وائرل دوائی ہے جسے کھایا جاسکتا ہے۔

برطانیہ نے پہلے مرحلے میں 4 لاکھ 80 ہزار خوراکیں خریدنے پر رضامندی ظاہر کی ہے جس کی پہلی کھیپ نومبر میں پہنچ جائے گی۔

ابتدائی طور پر یہ دوائی ویکسین لگوانے والے اور نہ لگوانے والے دونوں ہی قسم کے مریضوں کو دی جائے گی۔

مولنوپیراویر دوائی کی افادیت کے لیے ضروری ہے کہ اسے کورونا علامات ظاہر ہونے کے 5 روز میں لے لیا جائے۔

یہ دوائی کورونا وائرس کے اس جرثومے کو نشانہ بناتی ہے جو کہ اپنی کاپیاں بنا لیتا ہے اور اس طرح متاثرہ شخص کے جسم میں وائرس کی تعداد مزید بڑھنے سے رک جائے گی۔

برطانوی حکومت نے یہ نہیں بتایا ہے کہ مولنوپیراویر ٹیبلٹ کی 4 لاکھ 80 ہزار خوراکوں کا ابتدائی معاہدہ کتنے میں ہوا لیکن امریکی حکام نے حال ہی میں 17 لاکھ خوراکیں 1.2 بلین ڈالر میں خریدی ہیں جس سے اس کی قیمت کا تعین کیا جاسکتا ہے۔

آسٹریلیا، سنگاپور اور جنوبی کوریا نے بھی خریداری کے معاہدے کرلیے ہیں۔

امریکی کمپنی مرک پہلی کمپنی ہے جس نے کورونا کے علاج کے لیے ٹیبلٹ کی طبی آزمائش کے نتائج جاری کیے البتہ دیگر کمپنیز بھی اس طرح کے علاج پر کام کررہی ہیں۔

فائزر نے دو مختلف اینٹی وائرل ٹیبلٹس کی آزمائش شروع کردی ہے جبکہ سوئس کمپنی روشے بھی اس جیسے ہی دوائی پر کام کررہی ہے۔

خیال رہے کہ برطانیہ میں جمعرات کے روز 41 ہزار 242 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

متعلقہ تحاریر