تحریک عدم اعتماد 100 فیصد کامیاب ہوگی، زرداری، عمران خان کو بھاگنے نہیں دیں گے ،بلاول
جیسے ہی اسمبلی کا سیشن شروع ہوگا یہ وزیراعظم سابق وزیر اعظم ہو جائے گا
حزب اختلاف کی جماعتوں کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کے خلاف قومی اسمبلی میں عدم اعتماد کی تحریک جمع کرادی گئی ہے تاہم اسمبلی کا اجلاس پیر کے روز تک کیلئے ملتوی کردیا گیا ہے، پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتےہوئے سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ تحریک عدم اعتماد 100 فیصد کامیاب ہو گی، جبکہ بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ عمران خان بھاگ رہا ہے لیکن ہم بھاگنے نہیں دیں گے۔
اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے تحریک پیش کرنے کی اجازت نہ ملی تو پھر کیا کریں گے؟ ایک صحافی کی جانب سے پوچھے گئے سوال پر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ’پھر آپ کے ساتھ مل کر ہنگامہ کریں گے‘۔
اگر اسپیکر اسمبلی نے تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کی اجازت نہ دی تو احتجاج کریں گے، صدر پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز آصف علی زرداری کی صحافیوں سے غیررسمی بات چیت@AAliZardari pic.twitter.com/2HxS84aZRU
— PPP (@MediaCellPPP) March 25, 2022
یہ بھی پڑھیے
پیرکوعدم اعتماد پرکارروائی نہ ہوئی توپھرکوئی ہم سے نہ پوچھے، شہبازشریف کا انتباہ
وزیر اعظم عمران خان کا اہم شخصیات کے مشورے پر استعفیٰ دینے سے انکار
دوسری جانب بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم جمہوری انتقام لیں گے اور عدم اعتماد ہمارا جمہوری ہتھیار بننے والا ہے۔ یہ آپ کو جو وزیراعظم بھاگتے بھاگتے نظر آ رہا ہے جیسے ہی اسمبلی کا سیشن شروع ہوگا یہ وزیراعظم سابق وزیر اعظم ہو جائے گا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ وزیراعظم کے الیکشن میں بھی فاتحہ خوانی کے بعد آئینی ذمہ داری پوری کی تھی اور اجلاس جاری رکھا، جب عدم اعتماد پیش کی تو انہوں نے حملہ کر کے دہشت پھیلانے کی کوشش کی۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے واضح کیا کہ آپ کے سامنے اپوزیشن متحد ہے اور ہم عمران کو بھاگنے نہیں دیں گے۔
واضح رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں مرحوم اراکین اسمبلی، سابق صدر رفیق تارڑ، سینیٹر رحمان ملک، پشاور مسجد دھماکے میں شہید ہونے والوں اور وفات پانے والے دیگر اراکین کے لیے دعائے مغفرت کی گئی۔ وفاقی وزیر پیر نور الحق قادری کی جانب سے دعائے مغفرت کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی نے اجلاس پیر 28 مارچ تک ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔