کمپنیز کے اجلاس کو آسان بنانے کیلیے ہدایت نامہ جاری
اسلام آباد: سکیوریٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے لسٹڈ کمپنیز کے سالانہ اجلاس عام کے انعقاد کو سہل بنانے اور اجلاس میں ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینے سے متعلق گائیڈ لائینزجاری کر دی ہیں۔ یہ گائیڈ لائینز کمپنیز کے شیئر ہولڈرز اور اسٹیک ہولڈرز کو سالانہ اجلاس عام سے متعلق ممکنہ رکاوٹوں کو دور کرنے میں معاون ہوں گی۔
کمپنیز کے اجلاس عام کے انعقاد کی گائیڈ لائنز میں موجودہ قوانین اور قوائدوضوابط کی روشنی میں لسٹڈ کمپنیز کے افسران ‘ بورڈ کے چیئرمین ، کمپنی سیکرٹری ، چیف ایگزیکٹو آفیسر اور شیئر رجسٹرار کے فرائض و ذمہ داریوں کا تعین کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
گزشتہ نو ماہ میں پاکستانی برآمدات میں 25 فیصد ریکارڈ اضافہ
آئی ٹی کمپنی کا کپیٹل مارکیٹ سے 475 ملین روپے اکٹھے کرنیکا اعلان
گائیڈ لائنز کے ساتھ ایک چیک لسٹ بھی فراہم کی گئی ہے جن میں کمپنیوں کے عہدیداران کی ذمہ داریوں اور ان دستاویزات کی فہرست فراہم کی گئی ہے جن میں اجلاس کے دوران متعلقہ شراکت داروں اور افسران کی دستخط کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اجلاس عام کے تمام تقاضوں کو احسن طریق سے انجام دیا جا سکے۔
علاوہ ازیں ، سالانہ اجلاس کے انعقاد اور اجلاس کے دوران ٹیکنالوجی کے استعمال ، حصہ داروں کی شرکت اور ای ووٹنگ، بیلٹ پیپرز کے ذریعے ووٹنگ کا طریقہ کار اور الیکٹرانک طور پر پول کے نتائج کے اعلان کا طریق کار بارے گائیڈ لائنز بھی شامل ہیں۔ یہ گائیڈ لائنز کارپوریٹ سیکٹر کو درپیش متعدد سوالات اور مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے جاری کی گئی ہیں۔









