اسلامو فوبیا پر عمران خان کا موقف قابل ستائش ہے، امریکی سینیٹر الہان عمر

37 سالہ الہان عمر کا تعلق ڈیموکریٹس سے ہے اور وہ کانگریس میں ریاست مینیسوٹا کی نمائندگی کرتی ہیں۔

اسلام آباد: امریکی کانگریس کی مسلم خاتون رکن الہان ​​عمر نے سابق وزیراعظم عمران خان سے ان کی رہائش گاہ بنی گالہ اسلام آباد میں ملاقات کی ہے۔

ملاقات کے حوالے سے سابق وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل عمران خان اور الہان عمر کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ "ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، اسلامو فوبیا اور دیگر مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔”

یہ بھی پڑھیے

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات

ڈیجیٹل میڈیا ونگ کے بغیر بھارتی پروپگنڈے کا مقابلہ کیسے ہوگا؟

شیریں مزاری نے مزید لکھا ہے کہ "الہان ​​عمر نے عالمی سطح پر اسلام فوبیا کے خلاف عمران خان کے موقف کو سراہا ہے۔”

ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے مختلف عالمی مسائل اور جرات مندانہ اصولی موقف اختیار کرنے پر الہان عمر کو سراہا۔

قبل ازیں الہان ​​عبداللہ عمر جب وفاقی دارالحکومت کے اسلام آباد ایئرپورٹ پر پہنچیں تو دفتر خارجہ کے ڈی جی امریکہ محمد مدثر ٹیپو نے ان کا شاندار استقبال کیا۔

الہان عبداللہ عمر پاکستان میں قیام کے دوران آزاد کشمیر کا بھی دورہ کریں گی۔

37 سالہ الہان عمر کا تعلق ڈیموکریٹس سے ہے اور وہ کانگریس میں ریاست مینیسوٹا کی نمائندگی کرتی ہیں۔ وہ 2018 میں امریکی کانگریس کے لیے منتخب ہونے والی دو مسلم خواتین میں سے ایک ہیں۔

الہان عمر کا بھارتی مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی بھرپور حمایت کے حوالے سے موقف بہت واضح ہے وہ اکثر اپنے ٹویٹس میں کشمیریوں پر ہونے والے ظلم کے خلاف آواز بلند کرتی ہیں اور کشمیریوں کی حمایت میں بھی ٹویٹس کرتی رہتی ہیں۔

2019 میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کو ایک قانون کے تحت بھارت میں ضم کردیا تھا جس پر آواز اٹھاتے ہوئے الہان عمر نے مقبوضہ کشمیر کی قانونی حیثیت کو بحال کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

الہان عمر نے انسانی حقوق، جمہوری اصولوں ، مذہبی آزادی کے احترام اور کشمیر میں کشیدگی کم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے بین الاقوامی اداروں پر زور دیا تھا کہ وہ بھارتی اقدام کے خلاف آواز اٹھائیں۔

متعلقہ تحاریر