پی ٹی آئی منحرف ارکان کی معطلی، الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کی درخواست مسترد کردی

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ہمارے پاس وقت محدود ہے ، پہلے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ دیں گے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پنجاب اسمبلی کے منحرف اراکین کی رکنیت معطل کرنے سے متعلق پاکستان تحریک انصاف کی استدعا مسترد کر دی۔

چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 3 رکنی کمیشن نے پی ٹی آئی کے منحرف اراکین پنجاب اسمبلی کیخلاف ریفرنس پر سماعت کی۔

اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ اونچا بول کر تاریخ نہیں لی جا سکتی۔  پی ٹی آئی کے وکیل اظہر صدیق نے کہا کہ منحرف اراکین نے ثابت کرنا ہے کہ انہوں نے ووٹ نہیں دیا۔

یہ بھی پڑھیے

عدلیہ کے متوازی اختیارات کا استعمال، ہائی کورٹ کا الیکشن کمیشن سے جواب طلب

اسلام آباد ہائیکورٹ کا تاریخی فیصلہ ، عدالتی کارروائی کی لائیو سٹریمنگ کی جائے گی

ملیکہ بخاری کا کہنا تھا کہ پنجاب میں قانونی و آئینی بحران چل رہا ہے ، الیکشن کمیشن ووٹ ڈالنے والے 25 اراکین صوبائی اسمبلی کی رکنیت معطل کرنے کا فیصلہ سنائے۔

الیکشن کمیشن نے منحرف ارکان کی رکنیت معطل کرنے کی پی ٹی آئی کی استدعا مسترد کرتے ہوئے 13 مئی کو دلائل دینے کا حکم دے دیا۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان میں پی ٹی آئی کے منحرف اراکین قومی اسمبلی کے خلاف ریفرنس کی سماعت کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ وہ اس کیس میں مزید مواد جمع کرانا چاہتے ہیں جس پر منحرف اراکین کے وکیل نے اعتراض کیا۔

تحریک انصاف کے وکیل کا کہنا تھا کہ اسد عمر ، شاہ محمود قریشی اور عامر ڈوگر بیان حلفی دیں گے اور انہوں نے بیان حلفی کی تصدیق کرانی ہے۔

نور عالم خان کے وکیل نے استدعا کی کہ پہلے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ کیا جائے۔

وکیل نے کہا کہ ریفرنس میں کہا گیا کہ منحرف ارکان نے اپوزیشن جماعتوں میں شمولیت اختیار کر لی تاہم ریفرنس میں کسی جماعت کا نام نہیں بتایا گیا۔ وکیل کا کہنا تھا کہ یہ ریفرنسز بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہیں۔

پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ وہ الیکشن کمیشن کے سامنے شواہد رکھنا چاہتے ہیں کیونکہ الیکشن کمیشن ٹربیونل ہے ۔

نور عالم خان کے وکیل نے کہا کہ یہ مواد تخلیق کر رہے ہیں جسے پیش کرنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے انہیں اب اخباری تراشے اور مواد پیش کرنے ہیں، جو حقیقت پر مبنی نہیں، یہ ریفرنسز بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہے ، ان کو جواب دینے کا وقت نہ دیا جائے ، شواہد ریفرنس کے ساتھ جمع کرائے جاتے ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ہمارے پاس وقت محدود ہے ، پہلے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ دیں گے۔ کیس کی مزید سماعت کل تک ملتوی کردی گئی۔

متعلقہ تحاریر