سابق پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر سلمان بٹ سنگاپور ٹیم کے کنسلٹنگ ہیڈ کوچ مقرر

2003 سے 2010 تک سلمان بٹ قومی کرکٹ ٹیم کا حصہ رہے تھے جب ان کے دورہ انگلینڈ پر اسپاٹ فکسنگ کا اسکینڈل سامنے آیا تھا۔

کراچی: پاکستان کے سابق ٹیسٹ کپتان سلمان بٹ کو 2022 کے سیزن کے لیے سنگاپور کی قومی ٹیم کے حکام نے بیٹنگ کوچ مقرر کیا ہے۔ سلمان بٹ کو ہائی پروفائل اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کی وجہ سے پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

بائیں ہاتھ کے بلے باز کو پاکستان ویمن ٹیم کے سابق ٹرینر جمال حسین کی تکنیکی سپورٹ حاصل ہو گی ، جمال حسین ٹیم میں بطور فیلڈنگ کوچ اور ٹرینر شامل ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیے

مانچسٹر سٹی نے ایک مرتبہ پھر انگلش پریمیئر لیگ جیت لی

بابر اعظم کی پیپسی کے اشتہار میں انٹری، وسیم اکرم کو پرانے دن یاد آگئے

سنگاپور کرکٹ ایسوسی ایشن (SCA) کے حکام کا کہنا ہے کہ 37 سالہ سلمان بٹ قومی ٹیم کے لیے کنسلٹنٹ کوچ نامزد کیا گیا ہے اور انہیں امید ہے کہ ان کے تجربے سے ٹیم کو مزید سیکھنے کو ملے گا۔

ایس سی اے کے چیف ایگزیکٹیو سعد خان جنجوعہ نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ سلمان بٹ کی صلاحیتیں اور تجربہ سے سنگاپور کے کھلاڑی بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔

سعد خان جنجوعہ کا مزید کہنا ہے کہ سلمان بٹ اپنے تجربے اور صلاحیت سے کھلاڑیوں کو اگلے درجے تک لے جا سکتے ہیں۔

سنگاپور نے 1974 سے آئی سی سی سے الحاق کیا تھا ، اگلے پانچ مہینوں میں آئی سی سی مارکی ٹورنامنٹس میں جگہ بنانے کے لیے سنگاپور تین بڑے ٹورنامنٹ کھیلے گا۔

سلمان بٹ کی کنسلٹنسی میں سنگاپور طے شدہ تین کوالیفائر سیزن کھیلے گا۔ سنگاپور جولائی میں زمبابوے میں ICC T20 ورلڈ کپ کوالیفائر، اگست میں ایشیا کپ کوالیفائر اور کینیڈا میں ICC مینز چیلنج لیگ A کوالیفائر کھیلے گا۔ ان کوالیفائر راؤنڈ کھیلنے کا مقصد آئی سی سی ون ڈے انٹرنیشنل ورلڈ کپ میں شرکت کی تیاری کرنا ہے۔

2003 سے 2010 تک سلمان بٹ قومی کرکٹ ٹیم کا حصہ رہے تھے جب ان کے دورہ انگلینڈ پر اسپاٹ فکسنگ کا اسکینڈل سامنے آیا تھا۔

ان پر الزام تھا کہ انہوں نے پیسوں کے عوض لارڈز ٹیسٹ کے دوران اپنے تیز گیند باز محمد عامر اور محمد آصف سے جان بوجھ کر نو بال کرائے تھے۔

تینوں کھلاڑیوں پر برطانیہ کی ایک عدالت نے پانچ سال کی پابندی عائد کر دی تھی۔ اگرچہ انہوں نے اپنی پابندی 2015 میں مکمل کی تھی، لیکن صرف عامر ہی پاکستانی ٹیم میں اپنی جگہ دوبارہ بنانے میں کامیاب رہے تھے۔

سنگاپور کی کرکٹ ٹیم کوئی بہت اعلیٰ پائے کی ٹیم نہیں ہے تاہم اس نے حالیہ کچھ عرصے میں کافی کامیابیاں سمیٹی ہیں۔

سنگاپور نے تھائی لینڈ، ملائیشیا اور ہانگ کانگ کو شکست دینے کے بعد 2020 کا ٹی ٹوئنٹی ایشین کرکٹ کونسل ایسٹرن ریجن ٹورنامنٹ جیتا تھا۔

متعلقہ تحاریر