سندھ حکومت کا کراچی اور حیدرآباد میں بوائز میڈیکل کالج بنانے کا فیصلہ

صوبائی وزیر صحت نے لیاقت یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو ہدایت دیں کہ حیدرآباد میں میڈیکل کالج کے کام کو جلد حتمی شکل دی جائے۔

صوبائی وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو کی زیرصدارت دادو کے ایم پی ایز کا اہم اجلاس ہوا ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 400 بستروں پر مشتمل ڈسٹرکٹ ہسپتال دادو کو لیاقت یونیورسٹی جامشورو کے تعاون سے چلایا جاۓ گا۔

ڈاکٹر عذرا پیچوہو کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں دادو سے رکن سندھ اسمبلی پیر مجیب الحق اور عبدالعزیز جونیجو، وائس چانسلر لیاقت یونیورسٹی جامشورو ڈاکٹر اکرام الدین اُجن، ڈی ایچ او دادو، ایم ایس ڈسٹرکٹ ہسپتال دادو اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیے

سندھ میں 23 سے 28 مئی تک انسداد پولیو مہم چلانے کا فیصلہ

عذرا پیچوہو ناکام وزیر، محکمہ سنبھالا نہیں جارہا، ڈاکٹرز جوائنٹ ایکشن کمیٹی

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عذرا پیچوہو کا کہنا تھا کہ لمس یونیوسٹی الحاق کے بعد ڈسٹرکٹ ہسپتال دادو میں ڈاکٹرز اور اور پیرا میڈیکل عملے کی کمی کو پورا کرنے میں مدد مل سکے گی۔ اسپیشلسٹ اور پوسٹ گریجوئیٹ ڈاکٹرز کی خدمات کے سبب دادو اور ارد گرد کے علاقے کے لوگوں کو صحت کی معیاری سہولیات مل سکیں گی۔

وزیر صحت سندھ کا کہنا تھا کہ ڈسٹرکٹ ہسپتال دادو میں درکار سہولیات کے جائزے کے سلسلے میں لمس یونیورسٹی کی ٹیم رواں ہفتے وہاں دورہ کرے گی۔

ڈاکٹر عذرا پیچوہو دور دراز کے علاقوں میں میل ڈاکٹر کی مدد سے صحت کی سہولیات دینا زیادہ آسان ہے۔ اس ضرورت کو پورا کرنے کے لیے سندھ میں دو بوائز میڈیکل کالج قائم کئے جا رہے ہیں۔

ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے زور دے کر کہا کہ کراچی کے علاقے لانڈھی میں ڈاؤ اور حیدرآباد کے علاقے کوہسار میں لیاقت یونیورسٹی کے ماتحت بوائز میڈیکل کالج قائم کر رہے ہیں۔ حیدرآباد میں میڈیکل کالج قائم ہونے سے حیدرآباد، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہ یار اور دیگر علاقوں کے ہسپتالوں کو فائدہ ہوگا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دادو ہسپتال کی او پی ڈی، آپریشن تھیٹر، حادثات اور دیگر شعبوں کو پہلے مرحلے میں فعال بنایا جاۓ گا۔

صوبائی وزیر صحت نے لیاقت یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو ہدایت دیں کہ حیدرآباد میں میڈیکل کالج کے کام کو جلد حتمی شکل دی جائے۔

اجلاس میں ایم پی اے پیر مجیب الحق کی تجویز پر صوبائی وزیر صحت نے دادو ہسپتال میں این آئی سی وی ڈی کا چیسٹ پین یونٹ قائم کی بھی منظوری دی۔

متعلقہ تحاریر