اندرونی احتجاج سے توجہ ہٹانے کے لیےانڈیا کا پاکستان سے ایڈوینچر

اقوام متحدہ کے امن مشن کی ملٹری آبزرور کی گاڑیوں کو نشانہ بنانے سے دنیا بھر میں انڈیا کا چہرہ بےنقاب ہوگیا۔

پاکستانی حکومت کا موقف ہے کہ انڈیا میں کسانوں کے تاریخی احتجاج اور اندر سے اُٹھنے والی مودی مخالف آوازوں کو دبانے اور دنیا کی توجہ بھٹکانے کے لیے انڈیا نے حزب روایت اوچھے ہتھکنڈے آزمانے شروع کر دیے ہیں۔

گزشتہ روز اقوام متحدہ کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعے کے بعد انڈیا کے لائن آف کنٹرول کی پاسداری کے دعوے دھرے دھرے رہ گئے۔

انڈیا کا اقوام متحدہ مبصرین پر حملہ

جمعہ کو انڈیا نے چری کوٹ سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی۔ انڈین فورسز نے اقوام متحدہ کے امن مشن کی ملٹری آبزرور کی گاڑیوں کو نشانہ بنایا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق اقوام متحدہ مبصرین چری کوٹ کے پولاس گاؤں میں انڈین اشتعال انگیزیوں کے متاثرین سے ملاقات کرنے جارہے تھے۔ اس دوران راستے میں انڈین فوج نے ان کی گاڑیوں کو نشانہ بنادیا۔

حملے میں دونوں مبصرین محفوظ رہے جنہیں پاکستانی فوج نے ریسکیو کر کے بحفاظت راولاکوٹ پہنچا دیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق یو این مبصرین کی گاڑیاں دور سے پہچانی جاسکتی تھیں کیونکہ گاڑیوں کے اوپر واضح یو این لکھا ہوا ہے جو کہ دور سے دیکھا جاسکتا ہے۔

یہ سب ایسے وقت میں ہورہا ہے جب افغان طالبان کا وقت پاکستان میں وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کر رہا ہے۔ انڈیا کی اس کارروائی کو افغان عمل خراب کرنے کی سازش سمجھا جارہا ہے۔

انڈیا سرجیکل اسٹرائک کی تیاری کر رہا ہے، وزیر خارجہ

پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے خبردار کیا ہے کہ انڈیا سرجیکل اسٹرائک کی تیاری کر رہا ہے۔

وزیر خارجہ پاکستان شاہ محمود قریشی ان دنوں متحدہ عرب امارات کے دورے پر ہیں۔ جمعہ کو انہوں نے ابوظہبی میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ‘پاکستان انڈیا کی سازشوں سے مکمل طور پر آگاہ ہے۔ انڈیا پاکستان میں سرجیکل اسٹرائک کی تیاری کر رہا ہے’۔

یہ بھی پڑھیے

پاکستان سے جانے والی گیتا انڈیا میں 5 سال سے بے گھر

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ انڈیا میں کسانوں کا احتجاج جاری ہے۔ اندرونی مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے انڈیا خطرناک کھیل کھیلنا چاہتا ہے۔ انڈیا سرجیکل اسٹرائک کے لیے اپنے پارٹنر کی اجازت کا منتظر ہے۔ تاہم انڈیا نے کوئی ایسی حرکت کی تو افغان عمل متاثر ہوگا۔

پاکستانی وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ فوجی کارروائی کی صورت میں خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ پاکستان ایک پرامن ملک ہے لیکن مناسب جواب دینے کی قوت رکھتا ہے۔ انڈیا نے فوجی کارروائی کی تو پھرپور جواب ملے گا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ‘انڈیا پاکستان میں دہشتگردی کو ہوا دینے کی کوشش کررہا ہے۔ انڈیا کی سازشوں کا ڈس انفولیب رپورٹ پردہ چاک کر چکا ہے’۔

ان کے مطابق پاکستان کے خلاف انڈیا بھونڈے ہتھکنڈے استعمال کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں انتہائی سنگین صورتحال پیدا ہوچکی ہے۔

پاکستان کی مذمت

دوسری جانب پاکستان کے دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ انڈیا نے لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے مبصرین کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔ دنیا کے سامنے انڈیا کا اصل چہرہ بے نقاب ہوچکا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ انڈیا کو حالات کی سنگینی کا اندازہ ہونا چاہیے۔ پاکستان عالمی برادری سے انڈین مہم جوئی روکنے کا مطالبہ کرتا ہے۔ پاکستان سیزفائر معاہدے کی انڈین خلاف ورزیوں کی مذمت کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

انڈیا کا فالس فلیگ آپریشن اور پاکستانی سیاست

انہوں نے مزید کہا کہ ‘افواج پاکستان کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے تیار ہیں’۔

انڈیا ہوش کھو بیٹھا ہے، معید یوسف

وزیراعظم پاکستان عمران خان کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف نے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ انڈیا کی مایوسی مضحکہ خیز سطح کو پہنچ چکی ہے۔ پاکستان کے خلاف انڈیا کی سرجیکل اسٹرائیک منصوبے سے متعلق قابل اعتماد اطلاعات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ‘انڈیا کی پاکستان کے خلاف ریاستی دہشتگردی کا پروپیگنڈا بے نقاب ہوگیا ہے۔ انڈیا کا پاگل پن ہوگا اگر وہ خوددار قوم پر حملہ آور ہو۔

معید یوسف نے کہا کہ دنیا کو انڈیا کے مذموم مقاصد سے آگاہ کردیا ہے۔ کئی ممالک بھارت کے مذموم مقاصد سے پہلے ہی آگاہ ہیں۔ دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ امن ایک مشترکہ ذمہ داری ہے، دنیا کو بھارت کو خطے کا امن تباہ کرنے سے روکنا چاہیے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ دشمن کو بھرپور جواب دینے کیلئے ہماری افواج تیار ہیں۔ انڈیا اپنے ہوش کھو بیٹھا ہے، کیا وہ 2019 کا جواب بھول گیا ہے۔

معید یوسف نے مزید کہا کہ انڈیا یقیناً اس وقت ناخوش ہے۔ اس کی مایوسی مضحکہ خیز سطح کو پہنچ چکی ہے۔ ہم نے دنیا کو آگاہ کردیا کہ پاکستان انڈیا کے عزائم خوب جانتا ہے۔

متعلقہ تحاریر