کرونا کی تازہ لہر، اسکولز اور تفریحی مقامات کھولنے پر نظر ثانی ممکن

3 سے 8 مارچ کے دوران کرونا وائرس سے 269 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔

ملک بھر میں کرونا وائرس کی تازہ لہر اور اموات میں اضافے کی وجہ سے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس میں اسکولوں اور دیگر تفریحی مقامات کو کھولنے کے فیصلے پر نظر ثانی کیا جائے گا۔  

این سی او سی کی رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں 3 سے 8 مارچ کے دوران کرونا وائرس 269 زندگیاں نگل گیا جبکہ مجموعی طور پر جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 13 ہزار 281 ہوگئی ہے۔ 3 مارچ کو کرونا کے 1 ہزار 519 اور 4 مارچ کو 1 ہزار 579 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

اس کے علاوہ 5 اور 6 مارچ کو مجموعی طور پر 3 ہزار 494 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ جبکہ 7 اور 8 مارچ کے دوران 2 ہزار 845 کرونا کے کیسز رپورٹ ہوئے۔

پیر کے روز وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے نیشنل کوآرڈینیٹر لیفٹیننٹ جنرل حمود الزمان خان کی زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا جس میں صوبائی نمائندوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کو مدنظر رکھتے ہوئے این سی او سی 9 مارچ بروز منگل کو اسکولوں کو کھولنے کے طریقوں پر نظرثانی کرے گا۔

یہ بھی پڑھیے

عالمی یوم خواتین اور پاکستان میں جنسی ہراسگی کا سب سے بڑا مقدمہ

این سی او اسی کے اجلاس میں اسکولوں، سینماؤں، شادی ہالز میں تقریبات اور ریسٹورنٹس کو دوبارہ کھولنے کے فیصلے کو واپس لینے پر بھی غور کیا گیا۔ اجلاس میں صوبوں میں بڑھتے ہوئے کرونا کیسز کی صورتحال اور اس سے متعلق اقدامات، ویکسینیشن پر پیشرفت اور قومی ویکسین کی حکمت عملی کے بارے میں غور کیا گیا تھا۔

این سی او سی نے ملک بھر میں کرونا کے بڑھتے ہوئے مثبت کیسز کا جائزہ لیا اور صوبائی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ابتدائی سطح پر حفاظتی اقدامات پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔

اس سے قبل این سی او سی نے سینما گھروں، ہالز کے اندر شادی کی تقریبات اور ریسٹورنٹس کو 15 مارچ  تک کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔

متعلقہ تحاریر