کراچی میں دنیا کے سب سے بڑے موبائل ریسٹورنٹ کا افتتاح

فلاحی ادارے جے ڈی سی کی جانب سے قائم کیے گئے موبائل ریسٹورنٹ میں تمام افراد کو بلاتفریق کھانا فراہم کیا جارہا ہے۔

پاکستان کے صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ایک نجی فلاحی ادارے جعفریہ ڈیزاسٹرز سیل (جے ڈی سی) نے دنیا کے سب سے بڑے موبائل ریسٹورنٹ کا افتتاح کردیا ہے جہاں بلاتفریق تمام افراد کو مفت کھانا فراہم کیا جارہا ہے۔

ماہ رمضان برکت و رحمتوں کا مہینہ ہے۔ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں اس مہینے کے آغاز سے ہی مختلف سماجی، سیاسی اور نجی تنظیموں کی جانب سے غریب لوگوں کے لیے راشن کی تقسیم معمول سے بڑھ جاتی ہے۔ سماجی اور سیاسی شخصیات کا کہنا ہے کہ ماہ رمضان میں غریب لوگوں میں راشن کی تقسیم سے انہیں دلی خوشی محسوس ہوتی ہے اور اللہ کی رضا بھی حاصل ہوتی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

معیشت کا میدان، 2 سیاستدان بھائیوں کی ٹوئٹر پر بحث

اسی طرح کراچی میں جعفریہ ڈیزاسٹرز سیل (جے ڈی سی) نے جناح اسپتال کے نزدیک مفت موبائل ریسٹورنٹ قائم کردیا ہے جہاں مستحق اور غریب لوگ مفت سحری اور افطاری کرسکتے ہیں۔

نیوز 360 سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے جے ڈی سی کے چیئرپرسن ظفر عباس کا کہنا تھا کہ اس ریسٹورنٹ کو قائم کرنے کا مقصد غریب روزہ داروں کو سحری و افطاری آسانی سے فراہم کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں متعدد غریب افراد کھانا نہ ہونے کی وجہ سے روزے نہیں رکھتے اس لیے مفت موبائل ریسٹورنٹ کا اہتمام کیا گیا ہے۔ جوہڑ موڑ، جناح اسپتال اور عباسی اسپتال سمیت کراچی کے مختلف علاقوں میں جے ڈی سی کے تحت دسترخوان لگائے جارہے ہیں جہاں لوگوں کو مفت کھانا کھلایا جاتا ہے۔

نیوز 360 سے گفتگو کرتے ہوئے ظفر عباس نے مزید کہا کہ میری ان مخیر حضرات سے درخواست ہے جو مدد کرنا چاہتے ہیں کہ وہ جے ڈی سی کے اس کارخیر میں حصہ ڈالیں اور نیکی کمائیں۔

متعلقہ تحاریر