سندھ اور پنجاب سے صحت سے متعلق مثبت خبریں
وزیراعلیٰ پنجاب نے ہیپاٹائٹس، ایڈز اور ٹی بی کے مریضوں میں انصاف میڈیسن کارڈ تقسیم کیے۔ ٹنڈو محمد خان میں ایک سالہ بچے کی پیچیدہ ہارٹ سرجری کر کے زندگی بچائی گئی ہے۔
پاکستان میں صوبہ پنجاب اور سندھ میں صحت سے متعلق دو مثبت خبریں سامنے آئی ہیں۔ صوبہ پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ عثمان بزدار نے صوبے میں انصاف میڈیسن کارڈ کا اجراء کردیا ہے۔ اُدھر صوبہ سندھ میں نیشنل انسٹیٹیوٹ آف کارڈیو ویسکولر ڈزیز (این آئی سی وی ڈی) ٹنڈو محمد خان میں ایک سال کے بچے کی پیچیدہ ہارٹ سرجری کر کے زندگی بچائی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے دفتر میں انصاف میڈیسن کارڈ کے اجراء کی تقریب ہوئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے ہیپاٹائٹس، ایڈز اور ٹی بی کے مریضوں میں انصاف میڈیسن کارڈ تقسیم کیے۔
یہ بھی پڑھیے
این آئی سی وی ڈی میں عہدوں کی بندر بانٹ
شکوے کے جواب میں این آئی سی وی ڈی کا جواب شکوہ
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ ہیپاٹائٹس، ایڈز اور ٹی بی کے مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی کا آغاز کیا گیا ہے۔
پہلے مرحلے میں ایڈز کے 9 ہزار 862، ہیپاٹائٹس کے 23 ہزار 560 مریضوں کو ادویات ملیں گی۔ ٹی بی کے 70 ہزار 47 مریضوں کو بھی مفت ادویات فراہم کی جائیں گی۔ مریضوں کی سہولت کیلئے آسان طریقہ کار وضع کیا گیا ہے۔ متعلقہ اسپتال میں شناختی کارڈ کے ساتھ بائیو میٹرک تصدیق کی جائے گی۔
اُدھر صوبہ سندھ کے علاقے ٹنڈو محمد خان میں بچے کورات دیر سے پیدائشی دل کی بیماری کے باعث نازک حالت میں این آئی سی وی ڈی لایا گیا تھا۔
این آئی سی وی ڈی ٹنڈو محمد خان کے پیڈز سرجنز نے فوری طور بچے کو آپریشن تھیٹر منتقل کر کے جدید طریقہ کار سے منیملی انویسوِ ہارٹ سرجری کر کے اس کی زندگی بچالی ہے۔
اسپتال کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پیڈز سرجن سعد بدر، پیڈز کارڈیالوجوجسٹ ڈاکٹر حسین بخش اور اینستھیزیالوجسٹ ڈاکٹر کمل نے یہ پیچیدہ سرجری سرانجام دی۔
اُنہوں نے بتایا کہ جب بچے کو اسپتال لایا گیا تو اس کا دل بیس فیصد سے بھی کم کام کر رہا تھا۔ بچے کو اب آپریشن کے بعد آئی سی یو منتقل کیا گیا ہے اور وہ تیزی سے صحتیاب ہو رہا ہے۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر این آئی سی وی پروفیسر ندیم قمرکا کہنا ہے کہ ٹنڈو محمد خان جیسے چھوٹے شہر میں اس طرح کی پیچیدہ ہارٹ سرجری کرنا این آئی سی وی ڈی کے لیے باعثِ فخر ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ امراضِ قلب کے مریض علاج کے لیے پہلے ملک کے بڑے شہروں اور بیرون ملک جاتے تھے۔ مگر این آئی سی وی ڈی وہی جدید سہولیات مریضوں کے گھروں کے قریب بالکل مفت فراہم کررہا ہے۔
اس رپورٹ کی تیاری میں لاہور سے دانیال راٹھور اور کراچی سے عبدالقادر منگریو نے حصہ لیا ہے۔