لکی مروت میں سیکورٹی فورسز کا آپریشن، 12 مشتبہ دہشتگرد ہلاک، کراچی سے داعش کمانڈر گرفتار
آئی ایس پی آر کے مطابق لکی مروت آپریشن میں کالعدم ٹی ٹی پی کے 12 مشتبہ دہشت گرد مارے گئے ہیں۔
لکی مروت میں سیکورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کامیاب آپریشن کرتے ہوئے کالعدم ٹی ٹی پی کے 12 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا ہے۔ دوسری جانب سی ٹی ڈی نے کراچی کے علاقے کورنگی انڈسٹریل ایریا میں کارروائی کرتے ہوئے داعش کمانڈر کو گرفتار کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق منگل اور بدھ کی درمیانی رات سیکورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے اظہر الدین گروپ سے تعلق رکھنے والے کم از کم 12 مشتبہ دہشت گرد مارے گئے۔
یہ بھی پڑھیے
بلوم برگ کا پاکستان سے روزانہ 5 ملین ڈالر افغانستان اسمگل ہونے کا انکشاف
ہم کے پی میں انتخابات کیلئے تیار ہیں، آئی جی معظم جاہ کا الیکشن کمیشن کو بریفنگ
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ منگل کی رات دیر گئے سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں دہشت گرد مارے گئے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے اعلامیے کے مطابق سیکورٹی فورسز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو کالعدم ٹی ٹی پی کی جانب سے ممکنہ کارروائی کی اطلاعات موصول ہوئی تھی ، جس پر مارے گئے دہشتگردوں کی ایک ہفتے تک مانیٹرنگ کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کو فرار ہونے کے لیے ایک گاڑی فراہم کی گئی تاہم گھات لگائے فوج اور پولیس پارٹی نے دہشتگردوں کو روکا ، جس کے بعد فائرنگ کا تبادلہ شروع ہو گیا۔
ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور افغان کرنسی بھی برآمد ہوئی، تاہم علاقے میں سیکیورٹی فورسز کا سرچ آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشتگرد لکی مروت میں دہشت گردی کے بہت سے کارروائیوں میں ملوث تھے ، گروہ نے گزشتہ سال دسمبر میں ضلع میں چھ پولیس اہلکاروں کو شہید کیا تھا۔
کراچی میں سی ٹی ڈی کی کارروائی
دوسری جانب کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے کراچی کے علاقے کورنگی انڈسٹریل ایریا میں افغانی نژاد داعش کمانڈر کو گرفتار کرلیا ہے ، گرفتار کمانڈر حوالہ ہنڈی کے کاروبار کی آڑ میں ڈالر افغانستان اسمگل کرتا تھا۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ملزم کے قبضے سے بھاری مقدار میں پاکستانی اور غیرملکی کرنسی برآمد ہوئی ہے۔