ممکنہ تبدیلی کی خبریں: ذکا اشرف پی سی بی آفس نہیں آئے

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف سری لنکا سے وطن واپس پہنچ گئے تاہم آج پی سی بی کے دفتر نہیں آئے، وزارت بین الصوبائی رابطہ (آئی پی سی) کے وزیر اعظم کو خط کے بعد ان کی ممکنہ تبدیلی کی خبریں گرم ہیں۔

پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف لنکا پریمیئر لیگ کا فائنل دیکھنے سری لنکا گئے تھے، جہاں انہوں نے قومی کرکٹرز سے ملاقات بھی کی۔

ذکا اشرف سری لنکا سے وطن لوٹ آئے ہیں، لیکن بدھ کو پی سی بی آفس نہیں آئے۔

واضح رہے کہ وزارت بین الصوبائی رابطہ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی جانب سے سیاسی بنیاد پر تعینات عہدیداروں کی برطرفی کے احکامات کے بعد وزیر اعظم ہاؤس کو لکھے گئے خط کے بعد پی سی بی میں ممکنہ تبدیلیوں کی بازگشت ہے۔

گزشتہ روز آئی پی سی منسٹری کا خط منظر عام پر آنے کے بعد ذکا اشرف کا پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی سے مبینہ استعفیٰ بھی سامنے آیا ہے جس پر 19 جون کی تاریخ درج ہے۔

یاد رہے کہ ذکا اشرف کو سبکدوش ہونے والے وزیر اعظم نے 20 جون کو بطور پیٹرن نمائندہ پی سی بی کے ببی او جی میں نامزد کیا تھا۔

متعلقہ تحاریر