’ہمارے چند سیاسی اتحادی عام انتخابات سے بھاگنا چاہتے ہیں‘ بلاول بھٹو کا اعتراف

چیئرمین پیپلز پارٹی اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ ان کی جماعت نہ پہلے کبھی الیکشن سے بھاگی نہ آج بھاگ رہی ہے۔

حیدر آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’(ہم) کندھوں پر لاشیں اُٹھا کر الیکشن لڑنے کے عادی ہیں۔ نہ ماضی میں الیکشن سے بھاگے نہ آج بھاگ رہے ہیں۔

’اگر ہمارے چند اتحادی الیکشن سے بھاگ رہے ہیں تو انھیں بھاگنے دیں۔۔۔ جب آپ الیکشن سے بھاگتے ہو تو کوئی نہ کوئی آپ کی جگہ لے لیتا ہے۔‘

بلاول بھٹو نے کہا کہ وہ گذشتہ 18 ماہ سے اتحادیوں سے یہی مطالبہ کر رہے ہیں کہ اگر ڈرو گے تو مرو گے ’مگر افسوس کی بات ہے ہمارے باقی سیاسی اتحادی ڈر چکے ہیں۔۔۔ وہ ضمنی الیکشن سے بھاگتے ہیں۔ وہ بلدیاتی الیکشن سے بھاگتے ہیں۔ اب شاید عام انتخابات سے بھاگنا چاہتے ہیں۔‘

انھوں نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی جماعت تحریک انصاف پر ’نفرت کی سیاست‘ کرنے کا الزام لگایا۔ ’میرا آپ سے وعدہ ہے کہ جو صوبوں میں نفرت اور تقسیم کی سیاست کرتے ہیں، اداروں اور عوام کے درمیان دراڑ قائم کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔۔۔ میرا ان کے لیے پیغام ہے کہ پیپلز پارٹی کے جیالے آپ سے نہیں ڈرتے۔ ہم آ رہے ہیں اور مقابلے کے لیے تیار ہیں۔‘

متعلقہ تحاریر