سابق وزیر اعظم عمران خان کو راولپنڈی کی اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا

سابق وزیر اعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات کے تحت اٹک جیل سے راولپنڈی کی اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے پیر کے روز اس ضمن میں مختصر فیصلہ سنایا تھا جس کے بعد منگل کی صبح تحریری حکمنامہ جاری کیا گیا جس میں سابق وزیر اعظم کو اٹک جیل میں قید رکھنے کا نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دے دیا تھا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے اس حوالے سے دائر کردہ درخواست کی سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے کی تھی۔ عدالت نے اپنی تحریری فیصلے میں کہا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو اڈیالہ جیل میں وہ تمام سہولیات مہیا کی جائیں جس کے وہ حقدار ہیں۔
یاد رہے کہ عمران خان کو توشہ خانہ کیس میں تین سال قید اور جرمانے کی سزا سنائے جانے کے بعد انھیں لاہور میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کر کے صوبہ پنجاب کے سرحدی ضلع اٹک کی جیل میں چار اگست کو منتقل کیا گیا تھا۔