بیرون ملک گرفتار 90 فیصد بھکاری پاکستانی ہیں، عراق، سعودیہ عاجز آگئے، سیکرٹری اوورسیز کا انکشاف
قائمہ کمیٹی برائے سمندر پار پاکستانی کے اجلاس میں سیکرٹری اوورسیز ذوالفقار حیدر پھٹ پڑے اور انکشاف کیا کہ بیرون ملک گرفتار کئے گئے 90؍ فیصد بھکاریوں کا تعلق پاکستان سے ہے ، بھکاریوں سے عراق اور سعودی عرب عاجز آگئے ، زیادہ تربھکاری عمرہ ویزا پرجاتےہیں، حرم سے پکڑے گئے جیب کتروں کی اکثریت بھی پاکستانیوں کی ہے ، جاپان نے ساڑھے 3لاکھ 40ہزار ہنر مند مانگے، پاکستان سے صرف 200 افراد جاپان گئے ، بھارت نے ڈیڑھ لاکھ، نیپال نے 91ہزار، بنگلہ دیش اور سری لنکا نے بھی سیکڑوں ہنر مند بھیجے۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کو سینیٹر منظور کاکڑ کی زیر صدارت قائمہ کمیٹی برائے سمندر پار پاکستانی کے اجلاس میں سیکرٹری اوورسیز پھٹ پڑے۔ کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری سمندر پار پاکستانی ذوالفقار حیدر نے بتایا کہ حرم کے اندر سے جتنے جیب کترے پکڑے جاتے ہیں ان میں اکثریت کا تعلق بھی پاکستان سے ہوتا ہے۔وزارتِ اوورسیز حکام نے بتایا پیشہ ور بھکاری زیادہ تر عمرے یا وزٹ ویزے پر جاتے ہیں، اور زیارات کے مقامات پر بھیک مانگتے ہیں اور اسی وجہ سے ہزاروں بھکاریوں کو ڈی پورٹ بھی کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ جاپان نے 3لاکھ 40ہزار ہنر مند افراد مانگے، بھارت نے ڈیڑھ لاکھ، نیپال نے 91ہزار افراد جاپان بھیجےجبکہ بنگلہ دیش اور سری لنکا نے بھی ہنرمند افراد ٹوکیو روانہ کیے لیکن پاکستان سے صرف200افراد جاپان گئے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس50ہزار انجینئرز بیروزگار ہیں، سعودی عرب کو اب سادہ لیبر نہیں ہنرمندلیبر چاہیے۔