وفاقی کابینہ، بینکوں کے منافع پر 40 فیصد ونڈ فال ٹیکس عائد کرنے کی منظوری

وفاقی کابینہ نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی سفارش پر بینکوں کے اُن وِنڈ فال منافع ،جو کہ اُنہوں نے سال 2021 اور سال 2022 میں زر مبادلہ کے لین دین سے حاصل کیا، پر 40 فیصد ٹیکس عائد کرنے کی منظوری دے دی۔ فنانس ایکٹ 2023 کے تحت انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 میں سیکشن 99D متعارف کرایا گیا ہے جس کے تحت ونڈ فال منافع پر وِنڈ فال ٹیکس لاگو ہوگا۔ یہ فیصلہ بدھ کے روز نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا۔وزارت داخلہ کی سفارش پر18 افراد کا نام ECL سے نکال دیا گیا ، 9 شامل ، حج پالیسی2024 میں ترامیم کی منظوری ،ہانگ کانگ بین الاقوامی کنونشن2009 پر دستخط ،معاہدےکا ڈرافٹ تیار کرنیکی منظوری ،وزیر اعظم آفس کے اعلامیہ کے مطا بق وفاقی کابینہ نے سرمایہ کاری بورڈ کی سفارش پر سعودی عرب اور قطر کے ساتھ دو طرفہ سرمایہ کاری معاہدوں (Bilateral Investment Treaties) پر مذاکرات کرنے کی منظوری دے دی۔ وفاقی کابینہ نے حج پالیسی 2024 میں ترامیم کی منظوری دے دی جن کے تحت سرکاری اور نجی اسکیمز کا غیر استعمال شدہ سپانسر شپ کوٹہ سعودی عرب حکومت کو واپس کردیا جائے گا۔ مزید برآں سعودی حکومت کے قوانین کے مطابق حج گروپس آرگنائزرز کے مالی انتظامات کے حوالے سے ایک فول پروف مانیٹرنگ سسٹم کا نفاذ عمل میں لایا جائے گا، نئی حج پالیسی کے مطابق 10 سال سے کم عمر بچے بھی حج کا فریضہ ادا کر سکیں گے۔نجی حج اسکیمز میں 80 سال سے زائد افراد کے لیے خدمت گار ساتھ رکھنے کی شرط میں نرمی کی جائے گی، مزید برآں وفاقی کابینہ نے ہارڈ شپ حج کوٹہ میں کمی کی منظوری دے دی۔مقامی معاونین کے کوٹہ کا 50 فیصد اُن پاکستانی طلباء کے لیے مختص کیا جائے گا جو سعودی عرب کی مقامی یونیورسٹیوں میں زیرِ تعلیم ہیں۔ وفاقی کابینہ نے وزارتِ تجارت کی سفارش پر ٹریڈ آرگنائزیشنز کے ریگولیٹرز کے احکامات کے خلاف اپیل سننے ، امپورٹ پالیسی آرڈر 2022 اور ایکسپورٹ پالیسی آرڈر 2022 کی شرائط میں چھوٹ اور نرمی کے لیے ایک کمیٹی قائم کرنے کی منظوری دے دی۔وفاقی وزیر تجارت اس کمیٹی کے کنوینئیر ہوں گے جبکہ دیگر ممبران میں وفاقی وزیر قانون اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی شامل ہوں گے۔









