جرائم پیشہ افراد کی سرپرستی پر کراچی پولیس کے 82 افسران و اہلکار معطل
جرائم پیشہ افراد کی سرپرستی اور کرائم کنٹرول کرنے میں ناکامی پر کراچی پولیس کے متعدد افسران و اہلکاروں کو معطل کردیا گیا۔
کراچی پولیس چیف خادم حسین رند نے جرائم پر قابو پانے میں ناکامی اور اپنے تھانہ کی حدود میں جرائم کی سرپرستی کرنے پر ایس ڈی پی او سہراب گوٹھ، ایس ایچ او سہراب گوٹھ، ایس ایچ او سائٹ سپر ہائی وے کو معطل کردیا۔ علاوہ ازیں کراچی ریجن کے 15 ایس ایچ اوز کے خلاف محکمانہ انکوائری کے احکامات بھی جاری کیے ہیں۔
معطل ایس ڈی پی او سہراب گوٹھ ارشد جنجوعہ کو کراچی پولیس آفس رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ معطل ایس ایچ او سہراب گوٹھ اشرف جوگی اور معطل ایس ایچ او سائٹ سپر ہائی وے اعجاز مسان کا پولیس ہیڈکوارٹر گارڈن سسپینڈ کمپنی تبادلہ کردیا گیا ہے۔
جرائم کی سرپرستی کرنے کے الزامات ثابت ہونے پر زون شرقی کے آٹھ ہیڈ محرر اور 21 اہلکار، زون غربی کے سات ہیڈ محرر اور 8 اہلکار جبکہ زون جنوبی کے ایک ہیڈ محرر اور گیارہ اہلکار معطل کیے گئے ہیں۔
کُل 82 پولیس افسران و اہلکاروں کیخلاف محکمانہ کارروائی کی گئی ہے جن میں کراچی رینج کے تینوں زون کے ساتھ ساتھ سی آئی اے، ٹریفک، سیکیورٹی زون کے چھ اہلکاروں کی معطلی بھی شامل ہے۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی نے کراچی پولیس کے نام پیغام میں کہا ہے کہ جرائم کی پشت پناہی کرنے والے افسران و اہلکاروں کو اختیارات کے ناجائز استعمال پر سخت محکمانہ کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا اور فرض کی ادائیگی میں کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔