اینٹی ٹیرارزم فنانسنگ یونٹ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ

صوبائی وزیر تیمور تالپور کا کہنا تھا کہ یو این اور یورپی یونین ہمارے ساتھ ہیں۔

دہشتگردوں کی مالی معاونت کرنے والوں کے گرد گھیرا مزید تنگ کرنے کی تیاریاں کرلی گئیں۔ سی ٹی ڈی کے اینٹی ٹیرارزم فنانسنگ یونٹ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرکے افتتاح کردیا گیا۔

کراچی میں سی ٹی ڈی سندھ کے زیر انتظام سی ٹی ڈی آفس گارڈن میں یو این او ڈی سی  اور یورپی یونین کے تعاون سے اینٹی ٹیرارزم فنانسنگ یونٹ کی تزئین وآرائش اور اسے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے ساتھ باقاعدہ افتتاح کردیا گیا۔ یو این کے نمائندے جیریمی ملسم نے اے ٹی ایف یو کا افتتاح کیا۔ تقریب میں ملکی وغیر ملکی شخصیات شریک ہوئیں۔

افتتاحی تقریب میں قونصل جنرل جاپان ودیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمر شاہد حامد کا کہنا تھا کہ ماضی میں سی ٹی ڈی کی تمام توجہ دہشتگردی کے مقدمات و واقعات کی تفتیش تک مرکوز تھی مگر اب دور حاضر کے تقاضوں اور ایف اے ٹی ایف کے پلان کو مدنظر رکھتے ہوئے سی ٹی ڈی منظم انداز میں دہشتگردوں کی مالی معاونت سے متعلق تحقیقات اور ان عناصر کی بیخ کنی میں مصروف ہے۔

یہ  بھی  پڑھیے

76 فیصد پاکستانی کرونا کو روکنے کی حکومتی حکمت عملی سے مطمئن

ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے بتایا کہ اینٹی ٹیررازم فنانسنگ یونٹ پہلے بھی  کام کر رہا  تھا مگر  اب یونٹ کو جدید طرز پر اپگریڈ کر دیا گیا ہے۔ سی ٹی ڈی  ٹیرر فنانسنگ پر اب تک 147 مقدمات بھی درج کر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونٹ جدید خطوط پر استورا ہونے سے جدید طرز پر انوسٹی گیشن کی جاسکیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ حوالہ، ہنڈی سمیت منی لانڈرنگ کے کیسز فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) میں ہی درج ہوں گے مگر  دہشتگردی میں مالی معاونت کے معاملات کی تحقیقات و مقدمات کے اندراج کا اختیار سی ٹی ڈی کے اے ٹی ایف یونٹ  کے پاس ہوگا۔

تقریب سے خطاب میں صوبائی وزیر تیمور تالپور کا کہنا تھا کہ یو این او اور یورپی یونین ہمارے ساتھ ہیں، ہم نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں جتنی جانیں پاکستانیوں نے دی ہیں شاید ہی کسی ملک کا اتنا نقصان ہوا ہو۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اس پروگرام کو آگے بھی چلائے گی۔

متعلقہ تحاریر