انتخابات ترمیمی بل 2021 منظور،اپوزیشن کے 16ارکان غائب
حکومت کے تمام 221ارکان نے بل کے حق میں ووٹ دیا،اپوزیشن کے 219میں سے صرف 203ارکان آسکے
حکومت نمبر گیم میں بازی لے گئی۔ اپوزیشن احتجاج کرتی رہ گئی۔پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں حکومت انتخابات ترمیمی بل 2021منظور کرانے میں کامیاب ہوگئی۔اپوزیشن کے 16ارکان کوآسمان کھا گیا یا زمین نگل گئی؟
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت ہونے والے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان نے انتخابات ترمیمی بل 2021 پر ووٹنگ کی تحریک پیش کی۔ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے تحریک کی شدید مخالفت کی گئی لیکن اسپیکر قومی اسمبلی نے تحریک پر ووٹنگ کے لیے رائے شماری کا حکم دے دیا۔
یہ بھی پڑھیے
حزب اختلاف کا الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے خلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان
سابق جسٹس رانا شمیم کے صاحبزادے کے غیرسنجیدہ انٹرویوز
انتخابات ترمیمی بل 2021 پر گنتی کے دوران بل کے حق میں 221 جبکہ مخالفت میں 203ووٹ پڑے ۔اس دوران اپوزیشن نے اسپیکر ڈائس کا گھیراؤ کرکے ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں۔اپوزیشن ارکان نے گو نیازی گو ،کلبھوشن کا جو یار ہے غدار ہے غدار ہے، کے نعرے بھی لگائے۔اس دوران حکومتی اور اپوزیشن ارکان میں ہاتھا پائی ہوتے ہوتے رہ گئی۔
اپوزیشن کی نعرے بازی کے دوران حکومت الیکٹرونک ووٹنگ مشین استعمال کرنے اور سمندر پار پاکستانیوں کو ای وٹنگ کا حق دینے کی ترامیم منظور کرانے میں کامیاب ہوگئی ۔مشترکہ اجلاس میں کلبھوشن یادیو کیس سے متعلق عالمی عدالت انصاف ترمیمی و مکرر بل 2021بھی منظور کرلیاگیا۔پارلیمان نے اسلام آباد میں رفاہی اداروں کی رجسٹریشن اور انضباط کا بل منظور کر لیا،نیشنل کالج آف آرٹس انسٹیٹیوٹ بل بھی کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا۔مسلم عائلی قوانین میں ترمیم سے متعلق دو بل بھی منظور کرلیے گئے۔ایوان نے انسداد زنا بالجبر تحقیقات و سماعت بل2021 کی بھی منظوری دیدی۔
بلوں کی منظوری کے دوران اپوزیشن نے اجلاس کا بائیکاٹ کردیا تاہم بعد ازاں اپوزیشن کے بیشتر ارکان ایوان میں واپس آگئے۔ اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ حکومت نے تمام روایات کو پیروں تلے روند دیا، میں نے اور بلاول نے بہت سمجھانے کی کوشش کی، میں، بلاول اور مولانا اسعد گئے اسپیکر نے بات نہیں مانی، ہمارے خیال میں حکومتی گنتی میں تین چار ووٹ زیادہ گنے گئے، ہماری تعداد 200 سے اوپر تھی،ہماری بات نہیں مانی تو واک آؤٹ کیا۔