نیپرا کے عوام کو بجلی کے جھٹکے، فی یونٹ7 روپے91 پیسے مہنگا کردیا
بجلی کے ریٹ میں یہ اضافہ بنیادی یونٹ پر کیا گیا ہے
نیشنل الیکٹرک پاورریگولیٹری اتھارٹی نے گرمی اور مالی مشکلات کی شکار عوام کو بجلی کے جھٹکے لگادیئے۔ نیپرا نے بجلی 7 روپے 91 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ بجلی کے ریٹ میں یہ اضافہ بنیادی یونٹ پر کیا گیا ہے اور یہ ماہنامہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ نہیں ہے کہ ایک ماہ میں ختم ہو جائے گی۔ اب بال وفاقی حکومت کے کورٹ میں ہے کیونکہ اطلاق وفاقی حکومت کی منظوری کے نوٹیفکیشن کے بعد ہوگا۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نیپرا کے فیصلے کے مطابق بجلی کے اوسط ٹیرف میں7 روپے 91 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ بجلی کا بنیادی ٹیرف 16 روپے 91 پیسے فی یونٹ سے بڑھا کر 24 روپے 84 پیسے فی یونٹ کرنے کی منظوری دے دی ہے ۔ حتمی نوٹیفکیشن کے لیے اپنا فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوا دیاہے۔ وفاقی حکومت اضافے کے حوالے سے حتمی نوٹیفکیشن جاری کرے گی ۔
یہ بھی پڑھیے
پٹرول کے بعد کراچی والوں کو بجلی کاجھٹکا، فی یونٹ4.83روپے مہنگی
نیپرا کے مطابق ٹیرف بڑھنے کی بنیادی وجہ روپے کی قدر میں کمی، کپیسٹی لاگت اورعالمی سطح پر ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ ہواہے۔ نیپرا نے بجلی کی تقسیم کارکمپنیوں کے ٹرانسمشن اور ڈسٹری بیوشن لاسز کو بھی 13.46 فیصد سے کم کر کہ 11.70 فیصد کر دیا گیا ہے۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ نیپرا نے یہ فیصلہ حقائق پر مبنی دیا ہے اب حکومت پاکستان کی ذمہ داری ہے کہ بجلی کے ٹیرف کو کم کرنے کے لیے فوری اقدامات کرے ۔بجلی کے ترسیلی نقصانات ترجیحی بنیادوں پر کم کیے جائیں، بجلی کی پیداواری لاگت میں کمی کے لیے سستے زرائع اپنائے جائیں ۔
خیال رہے کہ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی صرف 5 روز قبل کراچی کی عوام کے لیے بجلی کے نرخ میں تقریباً 5 روپے فی یونٹ اضافہ کیا تھا جس کے باعث جون کے آنے والے بلنگ مہینے میں صارفین سے 7 ارب 86 کروڑ روپے کی اضافی رقم حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔ نیپرا نے کہا کہ ایف سی اے کا اطلاق لائف لائن صارفین کے سوا تمام صارفین پر ہوگا۔