امریکی شہر تلسا کے میڈیکل سینٹر میں فائرنگ، 4 افراد ہلاک
تلسا ڈپٹی پولیس چیف کا کہنا ہے کہ چار افراد کو قتل کرنے والے شخص نے خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی ہے۔
امریکہ میں تعلیمی اداروں اور عبادت گاہوں سمیت مختلف جگہوں پر انتہاپسندی کے واقعات میں اضافہ ھورہا ہے، امریکی شہر تلسا میں ایک مسلح جنونی شخص نے میڈیکل سینٹر میں گھس کر چار افراد کو گولیاں مار کر قتل کردیا اور بعدازاں خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کرلی۔
تفصیلات کے مطابق فائرنگ کے واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری ایس ٹی فرانسس اسپتال پہنچ گئی ۔ فائرنگ کے واقعہ بدھ کے روز پیش آیا جہاں جنونی شخص نے اسپتال کی چھوتی منزل پر فائرنگ کی۔
یہ بھی پڑھیے
جدہ میں فرانسیسی ریسٹورنٹ نے باحجاب خواتین کا داخلہ بند کردیا
تلسا کے ڈپٹی پولیس چیف Eric Dalgleish نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور شواہد اکٹھے کیے ۔ ڈپٹی پولیس چیف کا کہنا ہے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے افراد اور حملہ آور کی شناخت کا تعین کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جس کے بارے میں ان کا اندازہ ہے کہ اس کی عمر 35 سے 40 کے درمیان ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس شخص نے فائرنگ کیوں کی اور اس کا مقصد کیا تھا کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا ، تحقیقات کے بعد تفصیلات سامنے آئے گئیں۔
پولیس کے ڈپٹی چیف ایرک ڈلگلیش کا کہنا ہے کہ "نیٹلی بلڈنگ” میں ڈاکٹروں کے دفاتر اور آرتھوپیڈک سینٹر بھی قائم ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں ملازمین اور مریض شامل ہیں۔
ڈپٹی پولیس چیف ایرک ڈلگلیش نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے ٹیکساس کے ایک اسکول کے کلاس روم میں ایک بندوق بردار شخص نے فائرنگ کرکے 19 بچوں اور دو اساتذہ کو ہلاک کردیا تھا ، بعدازاں پولیس نے فائرنگ کرکے 18 سالہ نوجوان کو ہلاک کردیا تھا۔
امریکا میں فائرنگ کے پے در پے واقعات کے بعد ملک میں اسلحے کی خریدوفروخت پر پابندی کے حوالے سے نئی بحث چھڑ گئی ہے۔ نیو یارک میں دو ہفتے پہلے ایک گورے شخص نے مارکیٹ میں گھس کر دس لوگوں کو مار دیا تھا جو سارے کے سارے سیاہ فام تھے۔