وزیر اعظم جلد کفایت شعاری مہم کا اعلان کریں گے، مفتاح اسماعیل

وزیراعظم کوئی معاشی ایمرجنسی نہیں لگارہے اور نہ ہی غیرملکی کرنسی اکاؤنٹ بند کرنے کا منصوبہ ہے

وفاقی وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہبازشریف جلد حکومتی اخراجات میں کمی کے لیے کفایت شعاری مہم کے تحت اقدامات کا اعلان کریں گے۔

نون لیگی رہنما مفتاح اسماعیل نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پراپنے ایک پیغام میں کہا کہ وزیراعظم کوئی مالیاتی ایمرجنسی نہیں لگارہے تاہم حکومتی اخراجات میں کمی کے لیے جلد کفایت شعاری مہم کے اقدامات کا اعلان کریں گے۔

یہ بھی پڑھیے

قائم مقام گورنر اسٹیٹ بینک پی ٹی آئی حکومت کے گن گانے لگے

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ حکومت کا غیرملکی کرنسی اکاؤنٹ منجمد کرنے کا قطعی طور پر کوئی منصوبہ نہیں ہے اور نہ ہی روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کو منجمد کیاجارہا ہے۔ انہوں نے یقین دلاتے ہوئے  کہا کہ لوگوں کے پرائیویٹ لاکرز پر قبضہ کرنے کا بھی کوئی منصوبہ نہیں۔ ہم نے کبھی ان اقدامات پرغورہی نہیں کیا۔

وفاقی وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 2باراضافے کے بعد ہم مالی بحران سے نکل چکے ہیں۔ مالیاتی ایمرجنسی اور غیرملکی کرنسی اکاؤنٹ بند کرنے کے حوالے سے افواہیں اڑائی جارہی ہے۔ سوشل میڈیا پر کی جانے والی قیاس آرائیاں سراسرغلط ہیں اورٓانکا حقیقت سے کوئی وا سطہ نہیں ہے۔

امکان ظاہرکیا جارہا ہےکہ حکومت کی کفایت شعاری مہم کے تحت کابینہ اراکین کے مفت پیٹرول پر40 سے  50 فیصد کٹ لگایا جائے گا جبکہ  سرکاری افسران کے فری پیٹرول میں بھی کٹوتی کی جائے گی۔ کابینہ کے لیے نئی گاڑیاں لینے پر بھی پابندی عائد کیے جانے کا امکان ہے۔

خیال رہے کہ چند روز قبل پیٹرولیم مصنوعات کی فی لیٹر  قیمتوں میں ایک ہفتے کے دوران 60 روپے  اضافہ  ہوا جس پرعوام نے سوشل میڈیا پر حکومتی اراکین  اور سرکاری ملازمین کو ملنے والے مفت پیٹرول کی فراہمی بند کرنے کا مطالبہ کیا تو وزیراعظم شہباز شریف نے  کابینہ اراکین کو ملنے والے مفت پیٹرول میں 40 فیصد کمی کا اعلان کیا تھا۔

متعلقہ تحاریر