ایلون مسک کی ٹوئٹر کی خریداری کا معاہدہ منسوخ کرنے دھمکی

سوشل میڈیاایپ کی تمام معلومات نہ دی گئی تو خریداری کا معاہدہ منسوخ کردیا جائے گا

دنیا کے امیر ترین لوگوں کی فہرست  میں پہلے نمبر پر موجود اسپیس ایکس اور ٹیسلا کے مالک ایلون مسک نے  مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر کی خریداری کا معاہدہ  منسوخ کرنے دھمکی دے دی ہے۔

مشہور و معروف تاجر ایلون مسک  کے چیف لیگل آفیسر نے ایک خط کے ذریعے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر کی انتظامیہ  سے  ایپ سے متعلق مزید تمام معلومات فراہم کرنے کامطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر سوشل میڈیا ایپ کی تمام  معلومات نہ دی گئی تو خریداری کا معاہدہ منسوخ کردیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیے

ایلون مسک کا کوکا کولاخریدنے کا دعویٰ مذاق یا حقیقیت ؟

ایلون مسک کے قانونی مشیرکے خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ اس سائٹ پر اس سے کہیں زیادہ ا سپیم اور جعلی  کاؤنٹس ہیں جس کا اعتراف  کیا جا چکا ہے۔ اس حوالے سے مکمل  تفصیلات فراہم کی جائیں  کہ پلیٹ فارم پر موجود کتنے اکاؤنٹس حقیقی اور کتنے جعلی  ہیں۔

ایلون مسک کے خط کے جواب میں ٹوئٹرانتظامیہ نے پیشکش کی ہے وہ تحریری طور پر یا ایلون مسک سے بات کرکے اپنے جانچ کے طریقہ کار کے بارے میں مزید تفصیلی معلومات فراہم کرسکتے ہیں۔ ٹیسلا کے مالک نے بلاگنگ سائٹ کے  ٹیسٹنگ طریقہ کار کو ناکافی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ خود ٹیسٹنگ کرنا چاہتے ہیں۔

ٹوئٹرانتظامیہ نے اپنے ایک بیان میں ایلون مسک کے  خط سے متعلق کہا کہ ایلون مسک کے ساتھ معلومات کو شیئر کرنے میں تعاون کیا جارہا ہے جبکہ مستقبل میں بھی تفصیلات فراہم کی جائیں گی تاکہ انضمام کے معاہدے کی شرائط کے مطابق فروخت کی جاسکے۔

ٹوئٹر نے مزید بتایا ایلون مسک نے مئی کے وسط سے ڈیل کو عارضی طور پر التوا میں رکھا ہوا ہےاور وہ کہہ رہے ہیں کہ پیشکش میں اس وقت تک آگے نہیں بڑھیں گے جب تک ٹوئٹر کل صارفین کا 5 فیصد سے کم جعلی اکاؤنٹس کا ثبوت نہیں پیش کردیتا۔

 

ایلون مسک نے مائیکروبل گنگ سائٹ کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ  اگر جعلی اکاؤنٹس سے متعلق ڈیٹا فراہم نہیں  کیا جاتا تو پھر وہ ٹوئٹر خریدنے کی 44 ارب ڈالر کی پیشکش سے پیچھے ہٹ سکتے ہیں کیونکہ معاہدے کو ختم کرنے کے تمام حقوق محفوظ ہیں ۔ کمپنی انہیں تفصیلات فراہم نہ کرکے اپنی ذمہ داریوں کی واضح خلاف ورزی کررہی ہے۔

ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹر حکام کو لکھے گئے خط  کے  بعد  ٹوئٹر کے حصص کی قیمت 5.6 فیصد کم ہو کر37.92 ڈالر ہوگئی جبکہ ایلون مسک نے فی حصص قیمت 54.20 ڈالر فی حصص کی پیشکش ہے جس سے ظاہر ہورہا ہے کہ سرمایہ کار اس ڈیل کی متفقہ قیمت پر ہونے کی توقع نہیں کررہے۔

ماہرین کے مطابق  ایلون مسک  ٹوئٹر کی زیادہ قیمت  میں خریداری  کے معاہدے پر پچھتاوا ہے اور وہ اب  قیمت میں کمی کے لیے کوششیں کررہے ہیں ۔ماہرین  نے امید ظاہر کی ہے کہ ایلون اپنے  مقصد میں کامیاب ہوجائیں گے ۔

ماہرین کے مطابق ایلون مسک کے پاس اس ڈیل کو فنڈ کرنے کے لیے ہائی پروفائل سرمایہ کار موجود ہیں جن میں سعودی عرب کے سرمایہ کار شہزادے الولید بن طلال اور سیکوئیا کیپٹل شامل ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ مئی میں ایلون مسک  کی جانب سے ٹوئٹر خریدنے کی خبر نے ٹیکنالوجی اورکاروباری حلقوں میں ہلچل پیدا کردی تھی۔

متعلقہ تحاریر