کمالیہ: اسسٹنٹ کمشنر کی کارروائیاں، 50 ہزار کلوگرام تیل اور گھی برآمد
اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ شہریوں کو اشیائے خورونوش حکومتی نرخوں پر فراہمی اولین ترجیح ہے۔

کمالیہ: پنجاب حکومت کے حکم اور ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر اسٹنٹ کمشنر نے تحصیل کمالیہ کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے ذخیرہ کیے گئے 50 ہزار کلو گرام سے زائد کا گھی اور تیل برآمد کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر زاہد سہیل کی ہدایت پر ذخیرہ اندوزوں کے خلاف تحصیل کمالیہ میں بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر زریاب ساجد کمبوہ نے مختلف گوداموں میں غیر قانونی طور پر ذخیرہ کیا گیا 50 ہزار کلوگرام سے زائد گھی و آئل سرکاری قبضہ میں لے کر گوداموں کو سیل کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
شاہ لطیف پولیس کی کارروائی، گاڑی کے خفیہ خانوں سے 60 کلو منشیات برآمد
ضلع خیبر تھانہ جمرود پولیس کی کارروائی ، 5 ملزمان گرفتار، 6 کلو ہیروئن برآمد
حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق اشیاء ضروریہ کا اسٹاک رکھنے کے لئے حکومت پنجاب کے ڈیش بورڈ پر اندراج ضروری ہے۔
ڈیس بورڈ پر اسٹاک کو شو نہ کرنے والے تاجروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کے دوران اسسٹنٹ کمشنر زریاب ساجد نے 50 ہزار کلو سے زائد گھی اور کوکنگ آئل برآمد کرتے ہوئے گودام سیل کر دیے ایک گودام مالک کے خلاف مقدمہ بھی درج کروا دیا گیا۔
کارروائی کے دوران ذخیرہ اندوزی پر اسسٹنٹ کمشنر نے متعدد دکانداروں کو بھاری جرمانے بھی کیے گئے۔
اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ شہریوں کو اشیائے خورونوش حکومتی نرخوں پر فراہمی اولین ترجیح ہے، اس کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔