صدر انجمن ترقی اردو کی ڈاکٹر اطہر عطا کو  جامعہ اردو کا وائس چانسلر بننے پر مبارکباد

انجمن  ترقی اردو کی  تحریکی جدوجہد  کے باعث وفاقی جامعہ اُردو کا قیام عمل میں آیا

انجمن ترقی اردو  پاکستان کے صدر واجد جواد اورانتظامیہ نے پروفیسر ڈاکٹر اطہرعطا کو وفاقی  جامعہ اردو کے شیخ الجامعہ ( وائس چانسلر ) کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی ہے ۔

انجمن ترقی اردو پاکستان کے صدر واجد جواد نے اپنے ایک بیان میں پروفیسر ڈاکٹراطہرعطا کو وائس چانسلر منتخب ہونے پر مبارکباد کا پیغام کہتے ہوئے کہا کہ  انجمن  ترقی اردو کی  تحریکی جدوجہد  کے باعث  وفاقی جامعہ اُردو کا قیام عمل میں آیا۔

یہ بھی پڑھیے

سندھ حکومت کا کراچی اور حیدرآباد میں بوائز میڈیکل کالج بنانے کا فیصلہ

صدر انجمن ترقی اردو پاکستان واجد جواد  کا کہنا  تھا کہ وفاقی جامعہ اُردو کے قیام کا بنیادی مقصد اُردو کو ہر سطح پر ذریعہ تعلیم بنانا، یعنی تمام مضامین کی تعلیم اُردو زبان میں دینا تھی مگر وفاقی جامعہ اُردو تو قائم ہوگئی لیکن ہم ابھی تک حصولِ مقصد سے بہت دُور ہیں۔

صدر انجمن ترقی اردو  کے مطابق انجمن بنیادی مقصد کے حصول کے لیے وفاقی جامعہ اُردو کے ساتھ قدم ملا کر چلنا چاہتی ہے ۔اس سلسلے میں وفاقی جامعہ اُردو کو انجمن کا مکمل اور بھر پور تعاون حاصل رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے وفاقی جامعہ اُرد و کی سینیٹ اور سینڈیکیٹ کے متعدد اجلاسوں میں شرکت کا موقع ملا  جبکہ  وفاقی جامعہ اُردوکی نامزدگی کی کمیٹیوں میں بھی شریک رہا۔ وفاقی جامعہ اُردو میں گروہ بندی اور  سینئر اساتذہ اور عملے کی جانب سے مقدمہ بازی کا رجحان انتہائی قابل تشویش ہے جس کا مکمل تدارک کرنے کی ضرورت ہے  جبکہ یہ معاملات وفاقی جامعہ اُردوکی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے ۔

انجمن ترقی اردو پاکستان کے صدر واجد جواد کا کہنا تھا کہ ہم اس بات پر زور دیں گے کہ اس طرح کے مسائل کے مکمل تدارک کے لیے ضروری اور ہنگامی اقدامات کرنا ہوں گے۔

صدر انجمن نے شیخ الجامعہ وفاقی اردو کو انجمن ترقی اُردو پاکستان کے دفتر تشریف لانے اور انجمن کی انتظامیہ سے ملاقات اور تبادلہ  خیال کرنے کی دعوت بھی دی۔

متعلقہ تحاریر