عوامی نیشنل پارٹی کا خیبرپختونخوا کی گورنر شپ لینے سے انکار
عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی ) نے وفاقی کابینہ میں شمولیت سے بھی معذرت کرلی ہے
عوامی نیشنل پارٹی نے خیبرپختونخوا کی گورنرشپ لینے کی معذرت کرلی ہے ۔ اے این پی کے نائب صدر امیر حیدر ہوتی نے وزیراعظم شہباز شریف کو پارٹی فیصلے کے حوالے سے آگاہ کردیا ہے۔
اے این پی کے مرکزی سینئر نائب صدر اور سابق وزیراعلیٰ خیبرپختوانخوا امیر حیدرخان ہوتی کا کہنا ہے کہ ایک عرصہ سے خیبرپختونخوا کی گورنرشپ پر بحث چل رہی تھی اور اس فیصلے پر بلاوجہ کافی تاخیر ہوئی۔
یہ بھی پڑھیے
پاکستان کا عارضہ قلب میں مبتلا افغان بچوں کی مفت سرجری کا اعلان
ان کا کہنا تھا کہ ایک آئینی اقدام کو بلاوجہ متنازعہ بنادیا گیا ہے اس لئے اب عوامی نیشنل پارٹی پختونخوا کی گورنرشپ میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتی ہے ۔
ایک عرصہ سے خیبرپختونخوا کی گورنرشپ پر بحث چل رہی تھی اور اس فیصلے پر بلاوجہ کافی تاخیر ہوئی، ایک آئینی اقدام کو بلاوجہ متنازعہ بنادیا گیا اسلئے اب اے این پی پختونخوا کی گورنرشپ میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتی۔ وزیراعظم کو باضابطہ معذرت اور پارٹی موقف سے آگاہ کیا۔@HaiderHotiANP pic.twitter.com/dOMdm3Lgkb
— Awami National Party (@ANPMarkaz) June 20, 2022
امیر حیدر ہوتی نے بتایا کہ پختونخوا کی گورنرشپ کے حوالے سے وزیراعظم شہبازشریف کو اے این پی نے باضابطہ معذرت اور پارٹی موقف سے آگاہ کیا۔
عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر امیرحیدرخان ہوتی نے وزیراعظم شہبازشریف سے گزشتہ روز ملاقات کی جس میں مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
امیرحیدر ہوتی کے مطابق ملاقات میں وزیراعظم شہبازشریف نے ایک بار پھر اے این پی کے کابینہ کا حصہ بننے کی خواہش ظاہر کی تاہم ان پر واضح کردیا گیا کہ اے این پی وفاقی کابینہ کا حصہ نہ بننے کے فیصلے پر برقرار ہے ۔
واضح رہے کہ عوامی نیشنل پارٹی نے تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں پی ڈی ایم کے ساتھ دیا ۔ این اے پی کو معاہدے کے تحت خیبر پختونخوا کی گورنر شپ دینے کا وعدہ کیا گیا تھا۔
نئی حکومت کی تشکیل کے بعد گورنر کے پی کے معاملے پر جان بوجھ کر طول دیا گیا جس پر اے این پی نے وفاقی کابینہ اور گورنر شپ لینے سے انکار کردیا ہے ۔