یوٹیلیٹی اسٹورز پر مہنگائی کا سونامی آگیا، 300 سے زائد اشیا کے دام بڑھا دیئے
وفاقی حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی، گھی اور آٹا عوام کے لیے مزید مہنگا کردیا

یوٹیلیٹی اسٹورز بھی مہنگائی کے طوفان کی لپیٹ میں آگئے۔ وفاقی حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹور ز پر چینی، گھی اور آٹا عوام کے لیے مہنگا کردیا۔ مختلف برانڈز کے مصالحہ جات، ٹوتھ پیسٹ، ڈیش واش، ماچس و دیگر اشیاء کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کردیا گیا ۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز پر مختلف برانڈز کے مصالحہ جات، ٹوتھ پیسٹ، ڈش واش، ماچس و دیگر اشیاء کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کر دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیے
ملک میں مہنگائی کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے، سالانہ شرح27.8فیصد تک جاپہنچی
نوٹیفکیشن کے مطابق مختلف برانڈڈ کے 75 گرام ٹوتھ پیسٹ 20روپے اضافہ کے بعد 97روپے سے بڑھ کر 117روپے جبکہ ٹوتھ برش 20روپے اضافے کے ساتھ 137روپے کا ہوگیا۔
یوٹیلٹی اسٹور زپر ٹوائلٹ رول پیپر 5روپے مہنگا ہونے سے نئی قیمت 74 روپے ہوگئی جبکہ لگژری سائز ٹشو پیپر کی قیمت میں بھی 25 روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد ٹشو پیپر کا ڈبہ 173 سے بڑھ کر 198 روپے کا ہوگیا۔
برتن دھونے والے اسپنج کی قیمت میں 66روپے کا اضافہ ہوا۔ گلاس ونڈو کلینر کی قیمت میں بھی 43روپے کا اضافہ ہوا۔نئی قیمت 243روپے ہوگئی۔ ماچس کے پیکٹ میں بھی 10روپے اضافے کے بعد قیمت 40 روپے سے بڑھ کر 50روپے ہوگئی۔
یوٹیلیٹی اسٹورز میں مکس مصالحہ جات کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ ایک کلو مکس اچار کی قیمت میں 55روپے اضافہ ہواجس کے بعد نئی قیمت 278سے بڑھ کر 333روپے ہوگئی ہے۔