سکھر میں بلدیاتی انتخابات میں رینجرز اور فوجی اہلکار بھی تعینات ہونگے
بلدیاتی انتخابات کو پر امن بنانے کیلئے 12 ہزار 767 پولیس اہلکار ، 1500 سے زائد رینجرز اہلکار جبکہ پاکستان ارمی کی 11 کمپنیاں سیکیورٹی کے فرائض سر انجام دیں گی
سکھر ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات کے لیے قائم کیے گئے پولنگ اسٹیشنز میں سے 464 پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس قرار دے دیئے گئے ہیں ۔ انتخابات کو پر امن بنانے کے لیے 12 ہزار 767 پولیس اہلکار ، 1500 سے زائد رینجرز اہلکار جبکہ پاکستان ارمی کی 11 کمپنیاں سیکیورٹی کے فرائض سر انجام دیں گی ۔
تفصیلات کے مطابق سکھر ڈویژن کے تینوں اضلاع سکھر،خیرپور اور گھوٹکی میں 26 جون کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے پولیس کی جانب سے سیکیورٹی پلان تیار کرلیا گیا ہے ۔سیکیورٹی پلان کے مطابق سکھر ڈویژن کے تینوں اضلاع میں 26 جون کو 2203 پولنگ اسٹیشن قائم کیے جائیں گے جن میں سے 464 کو انتہائی حساس اور 1199 کو حساس قرار دیا گیا ہے جبکہ 540 کو نارمل قرار دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیے
سکھر انتظامیہ نے شہر کو کربلا بنا دیا، 3 ماہ سے پانی کی سپلائی بند
سکھر ضلع میں 647 پولنگ اسٹیشنوں میں سے 124 کو انتہائی حساس ،249 کو حساس اور 274 کو نارمل قرار دیا گیا ۔اسی طرح خیرپور میں 897 پولنگ اسٹیشن قائم ہونگے جس میں سے 212 کو انتہائی حساس اور 419 کو حساس جبکہ 266 کو نارمل قرار دیا گیاہے۔ گھوٹکی ضلع میں 659 پولنگ اسٹیشن قائم ہونگے جس میں سے 128 کو انتہائی حساس اور 531 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔
انتخابات کو پرامن رکھنے کے لیے ڈویژن میں 12767 پولیس کے جوان سیکیورٹی کے فرائض انجام دینگے جن میں سے 2438 سکھر ،3534 خیرپور اور 2764 اہلکارگھوٹکی میں تعینات ہونگے۔ 769 اہلکار پیٹرولنگ ،210 پکٹس ،288 اہلکار پولنگ میٹریل لانے لے جانے ،1127 کوئیک ریسپانس اور 1330 اہلکار ریزرو رہیں گے جبکہ 60 سے زائد رضاکار بھی پولنگ کے دن فرائض انجام دیں گے۔
سیکیورٹی پلان کے تحت پولنگ کے روز قیام امن کے لیے پاک فوج اور رینجرز کی بھی مدد لی گئی ہے۔ پاکستانی فوج کی گیارہ کمپنیاں اور رینجرز کے 1509 اہلکار بھی پولیس کی مدد کے لیے موجود رہیں گے ۔انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کیے جائیں گے۔









