سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں پی پی نے میدان مارلیا

سندھ کے 14 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات میں جی ڈی اے دوسرے  اور آزاد امیدوار  تیسرے نمبر رہے

سندھ کے 14 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے۔ غیرحتمی اورغیرسرکاری نتائج کے مطابق ضلع سکھر کی 423 نشستوں پر پیپلزپارٹی نے اکثریت حاصل کرلی جبکہ جی ڈی اے دوسرے نمبر پر رہی۔ آزاد امیدوار پاکستان تحریک انصاف سے زیادہ سیٹیں لے اُڑے۔

تفصیلات کے مطابق 26جون  کو سندھ کے 14 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا۔ غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق بلدیاتی انتخابات میں ضلع سکھر کی 423 نشستوں میں سے پیپلزپارٹی نے 180 سے زائد نشستوں پر کامیابی حاصل کی جبکہ 22 سے زائد پر جی ڈی اے نے جیتی ۔ 10 سے زائد آزاد امیدواربھی فتح  سمیٹنے میں کامیاب رہے تاہم تحریک انصاف صرف 5 سیٹیں ہی حاصل کرسکی۔

یہ بھی پڑھیے

جماعت اسلامی اور ایم کیو ایم نے الیکشن کمیشن کو چارج شیٹ کردیا

26 جون کو انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن  کی جانب سے کیے جانے والے انتظامات بھی نامکمل رہے۔ شہریوں کو ووٹ کاسٹ کرنے میں مشکلات کا سامنا رہا ۔غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق میونسپل کارپوریشن کی 32  نشستوں میں سے پیپلزپارٹی 27 نشستیں  حاصل کرکے پہلے نمبر پر، تحریک انصاف 3 نشستوں پرکامیابی حاصل کرکے دوسرے نمبر پر رہی جبکہ آزاد امیدوار 2نشستیں حاصل کرنے میں  کامیاب ہوئے۔

اسی طرح غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق روہڑی میونسپل کمیٹی کی 12 نشستوں میں سے 11 پر پیپلزپارٹی کامیاب جبکہ 1 کے نتائج روک دیے گئے، کندھراٹاؤن کمیٹی کی 6 نشستوں میں سے 4پر پی پی اور 2 پر آزاد امیدواروں نے کامیابی حاصل کی۔ صالح پٹ ٹاؤن کمیٹی  کی 8 نشستوں میں سے  چار پر پیپلزپارٹی کامیاب، 1نشست پر جی  ڈی اے، 2نشستوں پر  پی ٹی آئی جبکہ  1 پر آزاد امیدوار نے کامیابی حاصل کی۔

پنوعاقل میونسپل کمیٹی کی 16نشستوں میں سے 11پر پیپلزپارٹی  نے کامیابی حاصل کی جبکہ جی ڈی اے 1،تحریک انصاف 2 اور 2نشستوں پر آزاد امیدواروں نے کامیابی حاصل کی۔ باگڑجی ٹاؤن کمیٹی  کی  تینوں نے  نشستوں پر پیپلزپارٹی نے کامیابی حاصل کی جبکہ چند پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج تاحال موصول نہیں ہوسکے۔پیپلزپارٹی کے امیدواروں کی کامیابی پر جیالوں کی جانب سے جشن کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا۔

سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا  پہلا مرحلے میں جھگڑے، فائرنگ، لاٹھیوں کے آزادانہ  استعمال کے باعث ایک شخص جاں بحق، 12 سے زائد زخمی ہوئے۔ بلدیاتی انتخابات میں ووٹرز کا ٹرن آؤٹ خاصہ کم رہا۔اکثریت نے ووٹ کاسٹ کرنے کے بجائے شدید گرمی کے باعث گھروں میں رہنے کو ہی ترجیح  دیِ۔

متعلقہ تحاریر