شیزان بیکرز اور ریسٹورنٹ کو ایمان ثابت کرنے کیلیے اشتہار چھاپنا پڑگیا

شیزان بیکرز اینڈ کنفیکشنرز اور شیزان ریسٹورنٹ اینڈ ہوٹل(پرائیویٹ لمیٹڈ لاہور) کا کسی بھی قادیانی ملکیتی کمپنی سے کسی بھی قسم کا کوئی شراکتی تعلق نہیں ہے،اشتہار

لاہور کے معروف  بیکرز اور کنفیکشنرز شیزان کو اپنا ایمان ثابت کرنے کیلیے اشتہار چھاپنا پڑگیا۔ کمپنی نے وضاحت کی ہے کہ شیزان بیکرز اینڈ کنفیکشنرز اور شیزان ریسٹورنٹ اینڈ ہوٹل(پرائیویٹ لمیٹڈ لاہور) کا کسی بھی قادیانی ملکیتی کمپنی سے کسی بھی قسم کا کوئی شراکتی تعلق نہیں ہے۔

اشتہار میں  واضح کیا ہے کہ کمپنی 1975 سے ایک مسلمان خاندان کی ملکیت ہے۔ یہ کمپنی بریڈ،رس بسکٹ، کیک اور دیگر بیکری مصنوعات بناتی ہے۔صرف لاہور شہر میں تمام شیزان بیکرز اور شیزان ریسٹورنٹ اسی مسلمان خاندان کے زیرانتظام  ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

سود کے خلاف فیصلے پر اپیل، علماکرام کا متعلقہ بینکس کے بائیکاٹ کا اعلان

کراچی کی معروف ٹیکسٹائل ملز نے 4 ہزار ملازمین برطرف کردیے

کمپنی نے بیان میں واضح کیا ہے کہ ہمارا کسی بھی قادیانی ملکیتی کمپنی سے کسی بھی قسم کا کوئی شراکتی تعلق نہیں ہے لیکن چند شر پسند عناصر ایک عرصے سے ہم پر قادیانی ،مرزائی  ہونے کا الزام لگاکر ہمیں دینی و کاروباری نقصان پہنچا رہے ہیں جبکہ ہم صحیح العقیدہ نسل در نسل مسلمان ہیں اور حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی ختم نبوت پر قلب و لسان سے کامل ایمان رکھتے ہیں اور قادیانی گروہوں(قادیانی ،لاہوری) کو کافر مانتے اور کہتے ہیں ۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ عالم اسلام کی عظیم دینی درسگاہ جامعہ نعیمیہ لاہور کےدارالافتا کے مفتیان کرام نے مکمل تحقیق و تفتیش کے بعد ہمارے مسلمان ہونے کی تصدیق کی ہے اور شہر لاہور میں ہماری ملکیتی شیزان بیکرز اینڈ کنفیکشنرز اور شیزان ریسٹورنٹ اینڈ ہوٹل کے نام پرکاروبار کو جائز وحلال قرار دیا ہے۔

ایک صارف نے وضاحت کی ہے کہ شیزان انٹرنیشنل اور شیزان ریسٹورنٹ اینڈ ہول(پرائیویٹ لمیٹڈ لاہور) دو الگ الگ کمپنیاں ہیں ،اولاذکر 1964 میں قائم کی گئی تھی جبکہ موخر الذکر 1975 میں قائم کی گئی تھی۔

متعلقہ تحاریر