چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کا استعفیٰ نہ دینے کا اعلان
بطور چیئرمین پی سی بی اتنے پنگے لیے ہیں کہ اب تو کمنٹری بھی نہیں ملنی ہے
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ میں کہیں نہیں جا رہا ہوں۔میں جانتا ہوں کہ آپ لوگ چاہتے ہیں کہ میں چلا جاؤ تاکہ آپ لوگوں کو سرخیاں بنانے کا موقع ملے ۔ کیا میں اسٹمپ پیپر پر لکھ کر دوں کہ میں استعفیٰ نہیں دے رہا ۔
چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میں کہیں نہیں جا رہا ۔ میں نے بطور چیئرمین پی سی بی بورڈ میں اتنے پنگے لیے ہیں کہ اب تو کمنٹری بھی نہیں ملنی ہے ۔
یہ بھی پڑھیے
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ جیتے 13 سال بیت گئے، پی سی بی کا ٹیم کو خراج تحسین
رمیز راجا نے استعفے کا سوال کرنے والے صحافی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کوئی غیر یقینی صورتحال نہیں ہے۔ آپ لوگ اس غیر یقینی صورتحال کو پیدا کرنے والے ہیں۔ میں اندرونی مسائل جانتا ہوں اور کچھ نہیں ہونے والا ہے۔
سابق کرکٹر نے کہا کہ یہ روایت رہی ہے کہ جب نئی حکومت بنتی ہے تو بورڈ کے سربراہ کو تبدیل کر دیا جاتا ہے لیکن چیئرمین پی سی بی کو تبدیل کرنا آئینی یا قانونی تقاضا نہیں ہے ۔
چیئرمین پی سی بی نے بلے باز احمد شہزاد کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور اپنے ٹائم آؤٹ کے دوران خود پر غور کرنا چاہیے۔
رمیز راجہ نے احمد شہزاد کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اپنے بلے کو بات کرنے دو۔ان کا کہنا تھا کہ شان مسعود نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے واپسی کی ۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ہمارے لیے کرکٹ کا بمپر سیزن ہے۔ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں پاکستان آرہی ہیں جبکہ ایشیا کپ، ورلڈ کپ بھی اسی سیزن میں شامل ہے، میرا فوکس ٹیم کی پرفارمنس پر ہے ۔