سکھر جیل میں سرچ آپریشن، قیدیوں سے موبائل فونز اور ممنوعہ سامان برآمد
آپریشن کے دوران قیدیوں سے چالیس سے موبائل فونز، چھریاں، چاقو، قینچیاں و دیگر غیر ممنوع چیزیں برآمد کیں

پولیس اور ایف سی کی جانب سے سکھر سینٹرل جیل میں سرچ آپریشن کیا گیا۔ سرچ آپرشن کے دوران قیدیوں سے موبائل فونز اور دیگر ممنوع سامان برآمد کر لیا گیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق سندھ کی جیلوں میں موبائل فونز سمیت دیگر ممنوع اشیاء استعمال کے انکشاف پر لاڑکانہ سینٹرل جیل کے بعد سکھر سینٹرل جیل میں بھی جیل پولیس اور ایف سی اہلکاروں کی جانب سے مشترکہ سرچ آپریشن کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیے
کراچی جیل میں الخدمت کے تعاون سے چینی زبان کی کلاسز کا آغاز
پولیس اور ایف سی کے سرچ آپریشن کے دوران جیل میں موجود کالے چکر، سفید چکر سمیت مختلف بیرکس 4 گھنٹہ تک تلاشی لی گئیں ۔
دوران آپریشن جیل پولیس اور ایف سی عملے نے قیدیوں سے چالیس سے موبائل فونز، چھریاں، چاقو، قینچیاں و دیگر غیر ممنوع چیزیں برآمد کیں۔
جیل انتظامیہ کے مطابق آپریشن کے بعد 28 سے زائد قیدیوں کو مختلف جیلوں میں منتقل کیا جارہا ہے جبکہ ضبط شدہ سامان تحویل میں لیکر ملوث قیدیوں کی رپورٹ بالا افسران کو روانہ کی جائیگی۔
خیال رہے کہ رواں ماہ سندھ کے اہم ضلع لاڑکانہ کی سینٹرل جیل میں سیکیورٹی حکام نے سرچ آپریشن کرکے قیدیوں سے 1000 سے زائد موبائل فونز بر آمد کیے تھے ۔
ذرائع کے مطابق آپریشن کے نتیجے میں لاڑکانہ سینٹرل جیل سے مختلف نوعیت کے ایک ہزار سے زائد موبائل فون،100 ائیر کنڈیشنر اور قید کے دوران من مرضی کے پکوان تیار کرنے کے سیکڑوں برتن برآمد کیے گئے ہیں۔
سیکیورٹی حکام نے بتایا تھا کہ سرچ آپریشن میں ایک ہزار سے زائد لوہے کے راڈز بھی برآمد کیے گئے ہیں جو قیدیوں نے آپس میں لڑنے کے لیے جمع کی تھیں۔