بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی، جے یو آئی (ف) کا پیپلزپارٹی اور الیکشن کمیشن کے خلاف مظاہرہ

سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں دھاندلی کے خلاف جمعیت علمائے اسلام (ف) نے سکھرپریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی گئی 

سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں  دھاندلی کے خلاف جمعیت علمائے اسلام (ف) کی جانب سے  جامعہ حمادیہ منزل گاہ سے سکھر   پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی گئی ۔

جے یو آئی ف سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو کی  ہدایت پر جمعیت کے کارکنان نے جامعہ حمادیہ مدرسہ منزل گاہ تا سکھر پریس کلب تک  احتجاجی ریلی نکالی ۔ اس موقع پر کارکنان نے الیکشن کمیشن اور پیپلز پارٹی کے خلاف نعرے بازی بھی کی ۔

یہ بھی پڑھیے

جے یو آئی ف کا  سندھ میں دوبارہ بلدیاتی انتخابات کروانے کا مطالبہ

احتجاجی مطاہرے میں شریک جے یوآئی رہنما مفتی سعود افضل ہالیجوی ،حافظ غلام محمد کندھر،حافظ فاروق شیخ،قاری لیاقت علی مغل،مولانا عبدالکریم جونیجو،مولانا محمد زبیر مہر،امان اللہ سکھروی،اسامہ محمود ہالیجوی ،حافظ غلام اللہ بروہی ،مفتی محمد اعظم مہر نے بلدیاتی الیکشن میں دھاندلی کی سخت مذمت کی ۔

 

جے یو آئی ف رہنماؤں نے حالیہ بلدیاتی انتخابات میں الیکشن کمیشن کی جانب سے مبینہ دھاندلی اور فقط ایک سیاسی جماعت کی سرپرستی کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کے جے یو آئی سندھ میں ہونے والے جھرلو الیکشن کو مسترد کرتی ہے۔

جے یو آئی ف کے رہنماؤں نے کہا کہ انتخابات میں الیکشن کمیشن کے عملے اور سیکیورٹی پر تعینات پولیس نے حکومتی جماعت کے امیدواروں کو کامیاب کرانے کیلئے جو قدم اٹھائے وہ عوام کے سامنے ظاہر ہوگئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ مخصوص جماعت کی سرپرستی کرتے ہوئے الیکشن نتائج تبدیل کئے گئے مخالف امیدواروں کو ہراساں کرنے سمیت ووٹرز کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا  جبکہ شکایات پر کوئی پرسان حال نہیں  تھا۔

جمعیت علمائے اسلام ف کے رہنماں نے چیف جسٹس پاکستان سمیت دیگر بالا حکام سے نوٹس لیکر ملوث الیکشن کمیشن عملے کے خلاف کارروائی اور الیکشن دوبارہ کرانے کا پرزور مطالبہ کیا۔

متعلقہ تحاریر