ڈبلیو ایچ او نے یورپ کو منکی پاکس وباء کا گڑھ قرار دے دیا
عالمی ادارہ صحت کے مطابق منکی پاکس کے 80 فیصد کیسز یورپ میں پائے گئے ہیں
یورپین ممالک سمیت دنیا کے 58 ممالک میں منکی پاکس کے 6000 سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے 80 فیصد کیسز یورپ میں درج ہوئے ہیں۔
عالمی ادارہ صحت کے مطابق دنیا بھر میں منکی پاکس کی وبا 6,000 سے زیادہ کیسز تک پہنچ گئی۔ دنیا بھر میں ریکارڈ کیے گئے منکی پاکس کے 80 فیصد کیسز یورپ میں پائے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
جناح اسپتال لاہور میں منکی پاکس بیماری کا پہلا مریض رپورٹ ہوگیا
یورپی یونین میں متعدی امراض کی روک تھام کے ادارے کے مطابق اس بیماری کے 1160 مصدقہ کیسز میں سے زیادہ تر 22 ممالک کے ایک گروپ میں دیکھنے میں آئے جن میں آئس لینڈ، ناروے اور دیگر شامل ہیں۔
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق منکی پاکس سے تاحال کوئی اموات سامنے نہیں آئیں تاہم اس کے وبا کی روک تھام کے لیے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ۔
دوسری جانب یورپی یونین میں منکی پاکس کے خلاف ایک ویکسین کی منظوری دے دی گئی ہے تاہم یہ ویکسین ابھی وسیع پیمانے پر دستیاب نہیں ہے ۔
ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کا کہنا ہے کہ کچھ ممالک کی طرف سے ویکسین کی ذخیرہ اندوزی مستقبل میں مسائل کا سبب بن سکتی ہے۔
خیال رہے کہ منکی پاکس نامی وبا ء ایک وائرل انفیکشن ہے جو کہ افریقہ میں مقامی ہے۔ اس وباء کے شکار افراد میں ہلکا بخار محسوس کیا جا تا ہے ۔منکی پاکس جلد کے زخموں کا سبب بن سکتا ہے ۔