کورونا وبا کے بعد پہلی بار 10 لاکھ مسلمانوں نے حج اکبر ادا کیا
سعودی حکام نے رواں سال صرف 10 لاکھ افراد کو حج کی اجازت دی جو کہ کورونا وبا سے پہلے کے مقابلے میں 50 فیصد کم ہے
سعودی عرب میں دنیا بھر سے آئے لاکھوں مسلمانوں نے فریضہ حج ادا کررہے ہیں۔ گزشتہ 2 سالوں میں کورونا وباء کی وجہ سے حج بہت محدود ہوئے تاہم کورونا پابندیاں ختم ہونے کے بعد آج 10 لاکھ سے زائد فرزندان توحید نے حج اکبر ادا کیا ۔
سعودی عرب میں مسلمانوں کے مقدس ترین مقامات ہیں جہاں ہرسال لاکھوں مسلمان حج اور عمرے کی ادائیگی کے لیے آتے ہیں تاہم کورونا کے باعث پچھلے دو برسوں میں محدود تعداد کو مقدس فریضے کی ادائیگی کی اجازت دی گئی تھی اور رواں برس بھی شرائط کے ساتھ عازمین کو اجازت دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
جج سیزن 2022 کی تیاریاں مکمل، خطبہ حج اردو میں بھی نشر ہوگا
سعودی حکام نے رواں سال صرف 10 لاکھ افراد کو حج کی اجازت دی جو کہ کورونا وبا سے پہلے کے مقابلے میں 50 فیصد کم ہے ۔
خطبہ حج دیتے ہوئے شیخ محمد بن عبد الکریم نے کہا کہ اسلامی اقدارکا تقاضہ ہےجو چیزنفرت کاباعث بنے اس سے دور ہو جائیں۔اللہ نے تقویٰ اختیار کرنے کی بار بار ہدایت کی ہے۔تقویٰ اختیار کرنے والا اللہ کا قرب پاتا ہے اور اللہ نے فرمایا کہ متقی کے لیے جنت کی خوشخبری ہے۔
شیخ محمد بن عبد الکریم کا خطبہ حج میں کہنا تھا کہ سب سے بڑی نعمت توحید ہے، لوگو صرف اللہ کی عبادت کرو جس نے تمھارے لیے آسمان و زمین بنائے، دنیا کے مسلمانوں اللہ سے ڈرو کیونکہ اللہ سے ڈرنے میں ہی تمھاری کامیابی ہے۔
خطبہ حج میں شیخ محمد بن عبدالکریم کا کہنا تھا کہ حج ایسے ادا کرو جیسے نبی کریم ﷺ نے ادا کیا، اللہ تعالیٰ نے جن چیزوں سے بچنے کا کہا اگر ہم ان سے بچ گئے تو ہمارا حج قبول ہو گا۔
حجاج کرام نے گزشتہ رات منیٰ میں قیام کیا، عبادات، تلاوت اور استغفار میں مصروف رہے اور نماز فجر کے بعد عازمین میدان عرفات روانہ ہوئے۔