موسلادھار بارشوں کے بعد دریائے سندھ میں پانی کی سطح بلند ہونے لگی
سندھ میں بارشوں سے دریائے سندھ میں پانی کی سطح بڑھنے سے پانی کی کمی کا مسئلہ حل ہو جائے گا
ملک بھر میں حالیہ طوفانی بارشوں سے دریائے سندھ میں پانی کی سطح بلند ہونا شروع ہوگئی ہے۔ آبی ماہرین کا کہنا ہے کہ حالیہ بارشوں سے سندھ میں پانی کی کمی کا مسئلہ حل ہوجائے گا ۔
تفصیلات کے مطابق مون سون کی بارشوں کی آمد سے دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں مسلسل بہتر ی آرہی ہے ۔بارشوں سے سندھ میں پانی کا بحران چند روز تک ختم ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
سکھر میں بجلی کا شدید بحران، سیپکو کی صارفین کو متبادل ذرائع فعال کرنے کی ہدایت
ذرائع نے بتایا ہے کہ سندھ میں پانی کی کمی کا بحران چند روز میں ختم ہونے کا امکان ہے۔ حالیہ بارشوں سے دریاؤں کے بہاؤ میں اضافہ ہوا ہےاورڈیموں میں پانی کی آمد بڑھنے سے سندھ میں پانی کی صورتِ حال بہتر ہو جائے گی۔
محکمہ آبپاشی کہ جانب سے خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ اگر اسی طرح ملک میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہا تو دریائے سندھ میں درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال پیدا ہوجائے گی ۔
واضح رہے کہ ملک کے بالائی علاقوں میں پری مون سون کی بارشوں کے بعد سندھ کے بیراجوں میں پانی کی سطح میں بھی اضافہ ہو نے لگا ہے۔ بیراجوں میں سطح آب بڑھنے سے کینالز میں پانی مرحلہ وار بڑھایا جانے لگا ہے۔
محکمہ آبپاشی کے مطابق بالائی علاقوں میں ہونے والی بارشوں کا پانی 8 جولائی سے سندھ میں داخل ہونا شروع ہو گیا ہے جس کے بعد پانی میں بہتری آنے کا امکان ہے۔