افواج پاکستان کی وزیرستان میں کامیاب کارروائی، 10 دہشتگرد ہلاک، ایک جوان شہید

شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے مختلف کارروائیوں میں 10 دہشت گردوں کو ہلاک کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ و بارود برآمد کیا

شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے مختلف کارروائیوں میں 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ کارروائی کے دوران ایک فوجی جوان بھی مادر وطن پر قربان ہوگیا ۔

افواج پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں سیکیورٹی فورسز نے دو مختلف واقعات میں 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

یہ بھی پڑھیے

“دی نیوٹرل” کے سرورق پر ڈی جی آئی ایس پی آر کی تصویر کے ساتھ بےہودہ کلمات شائع

فوج کے میڈیا ونگ کے مطابق سیکیورٹی فورسزنے شمالی وزیرستان میں دتہ خیل کے شہری علاقے میں دہشتگردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کامیاب  کارروائی کی جسکے نتیجے میں 6 دہشت گرد  ہلاک کیے گئے جبکہ انکے قبضے سے اسلحہ اور بارود بھی  برآمد کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے اعلامیہ میں بتایا گیا کہ دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے 34 سالہ لانس نائیک اسلام الدین بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔

اس سے قبل  سیکیورٹی فورسز نے ایک اور کارروائی میں شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں 4 دہشت گرد ہلاک  کیے تھے ۔

واضح رہے کہ  گزشتہ ہفتے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں مسلح افواج کے ایک سپاہی نے جام شہادت نوش کیا۔

فوج کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری  ایک اعلامیہ میں بتایا گیا تھا کہ نوشہرہ کے رہائشی 23 سالہ سپاہی وحید خان نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگایا ۔

متعلقہ تحاریر