ٹی 20 کرکٹ ایشیا کپ سری لنکا سے متحدہ عرب امارات منتقل

ایشین کرکٹ کونسل نے سری لنکا کے معاشی بحران کی وجہ سے ایونٹ کا مقام تبدیل کیا، 27اگست سے 11ستمبر تک جاری رہنے والے ٹورنامنٹ کی میزبانی سری لنکا کے پاس ہی رہے گی،

ایشین کرکٹ کونسل ( اے سی سی ) نے سری لنکامیں معاشی دیوالیہ پن کےباعث جاری بدامنی  کی وجہ سے ٹی 20 کرکٹ ایشیا کپ  2022 کو سری لنکا سے متحدہ عرب امارات منتقل کردیا۔

کرکٹ ایشیا کپ 27اگست سے 11ستمبر تک  سری لنکامیں منعقدہونا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

گال ٹیسٹ: سری لنکا نے 246 رنز کے بڑے مارجن سے پاکستان کو ہرا دیا

کیا محمد حسنین کا بولنگ ایکشن اب بھی مشکوک ہے؟

ای ایس پی این انفو کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل کے صدر جے شاہ نے بدھ کو ایک پریس ریلیز میں کہا  ہےکہ  سری لنکا میں ایشیا کپ کی میزبانی کے لیے ہر ممکن کوشش کی گئی اور  کافی غور و خوض کے بعد ٹورنامنٹ  متحدہ عرب امارات منتقل کرنے کا فیصلہ   کیا گیا ہے ،ٹورنامنٹ یو اے ای میں منعقد ہوگا تاہم میزبان سری لنکا ہی رہے گا۔

سری لنکا خوراک اور ایندھن کی قلت کے باعث  بدترین بحران سے گزر رہا ہے تاہم اس کے باوجود  سری لنکن کرکٹ بورڈ پاکستان اور آسٹریلیا کی میزبانی میں کامیاب رہا ہے تاہم ایشیا کپ میں کئی ممالک کی ٹیموں کو شرکت کرنا تھی اس لیے معاشی بدحالی کی وجہ سے سری لنکن بورڈ کے لیے اس کی میزبانی ایک چیلنج تھی۔

سرلنکن کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایشلے ڈی سلوا نے دس دن پہلے ای ایس پی این انفو کو بتایا کہ  دو ٹیموں کی میزبانی اور دس ٹیموں کی میزبانی  ایک جیسی بات نہیں ہے،ہمیں  ان سب کے لیے دس بسیں ایندھن کے ساتھ فراہم کرنی ہوں گی، ہر ٹیم کو ایندھن کے ساتھ ایک سامان والی وین  اور مینیجرز کے لیے ٹرانسپورٹ دینا ہوگی۔ ہمیں  اسپانسرز کو ٹرانسپورٹ بھی دینا ہوگی اور   فلڈ لائٹس چلانے کے لیے جنریٹروں کا ایندھن بھی تلاش کرنا پڑے گا۔

ایشین کرکٹ کونسل  کے پاس متبادل  مقامات کے حوالے سے محدود اختیارات تھے کیونکہ برصغیر پاک و ہند کے بیشتر حصوں میں جون سے ستمبر تک مون سون  کا موسم ہوتا ہے اس لیے  انفراسٹرکچر اور سفر کے لحاظ سے متحدہ عرب امارات  ایک بہترین  مقام ثابت ہوا ہے لیکن اگست کے آخر اور ستمبر کے اوائل میں عام طور پر وہاں 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ درجہ حرارت اور مرطوب موسم ہوتا   ہے۔

  آخری بار ایشیا کپ 2018 میں منعقد ہوا تھاتاہم اس بار یہ ٹورنامنٹ ٹی  20 فارمیٹ میں کھیلا جائے گا اور اکتوبر میں ہونے والے ورلڈ کپ کی تیاری کا ذریعہ بھی بنےگا۔

ایشیا کپ کا آغاز متحدہ عرب امارات، کویت، سنگاپور اور ہانگ کانگ کے درمیان میچوں کے کوالیفائنگ راؤنڈ سے ہوگا۔ جیتنے والی ٹیم ٹورنامنٹ میں جائے گی اور سری لنکا، بھارت، پاکستان، افغانستان اور بنگلہ دیش سے کھیلے گی۔

متعلقہ تحاریر