بھارت کی شطرنج اولمپیاڈ کو سیاست میں رنگنے کی کوشش، پاکستان ایونٹ سے دستبردار

پاکستان نے ایونٹ کی مشعل بردارریلی غیر قانونی طورپر کشمیرسے گزارنے پردنیا کے سب سے بڑے شطرنج ٹورنامنٹ سے دستبرداری اختیارکرلی ہے

پاکستان بھارت میں ہونے والے بین الاقوامی ایونٹ شطرنج اولمپیاڈ سے دستبردارہوگیا۔ بھارتی شہرچنئی میں ہونے والے 44 ویں شطرنج اولمپیاڈ 188 ممالک کے 1700 سے زائد کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔

سرکاری حکام کے مطابق پاکستان نے میزبان ملک بھارت کی جانب سےغیرقانونی طور پرایونٹ کی مشعل بردارریلی کو مقبوضہ جموں و کشمیرسے گزارا اورعالمی سطح پراسکی تسلیم شدہ متنازعہ حیثیت کو نظرانداز کرنے پردنیا کے سب سے بڑے شطرنج ٹورنامنٹ سے دستبرداری اختیار کرلی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کا کامن ویلتھ گیمز کی تقریب میں متاثرکن خطاب  

ترجمان دفترخارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان بھارت کی 44 ویں شطرنج اولمپیاڈ کو سیاسی رنگ دینے مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر، پاکستان اور بھارت کے درمیان عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا تنازعہ ہے اور یہ اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر بھی موجود ہے ۔

ترجمان دفتر خارجہ نے  کہا کہ  بھارتی نے  غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیرسے ٹارچ ریلی کو گزارکرایک دھوکا دہی کا رتکاب کیا جسے عالمی برادری قبول نہیں کرے گی۔یہ معاملہ بین الاقوامی شطرنج فیڈریشن کے ساتھ بھی اٹھایا جائے گا ۔

ترجمان عاصم افتخارنے کہا کہ بھارت کی کھیل میں سیاست شامل کرنے کے خلاف احتجاجاً 44 ویں شطرنج اولمپیاڈ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس معاملے کو انٹرنیشنل چیس فیڈریشن کے ساتھ بھی اعلیٰ سطح پر اٹھائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کو جان لینا چاہیے کہ اس طرح کے اشتعال انگیز اورناقابل دفاع اقدامات کے ذریعے وہ کشمیر پرغیرقانونی قبضے کا کوئی جواز تلاش نہیں کرسکتا اور نہ ہی اس کا دعویٰ کرسکتا ہے ۔

ترجمان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کی جانب سے ہونے والی انسانی حقوق کی سنگین ورزیاں بند کروانے کے ساتھ ساتھ 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اقدامات کو منسوخ اور کشمیری رہنماؤںں سمیت تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کروانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔

بھارت نے پاکستان کے شطرنج اولمپیاڈ سے دستبردار  ہونے حیران کن قراردیا۔ بھارتی وزارت خارجہ نے پاکستان پر تقریب کو سیاسی رنگ دینے کا الزام بھی عائد کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم یہاں پہلے سے موجود تھی ۔

واضح رہے کہ بھارتی شہر چنئی میں منعقدہ شطرنج  کا بین الاقوامی ایونٹ 28 جولائی سے  10 اگست تک چلے گا جس میں 188 ممالک کے 1,700 سے زائد کھلاڑی حصہ لیں گے۔ شطرنج اولمپیاڈ کے گزشتہ دو سال سے مقابلے  کورونا وائرس کی وجہ سے آن لائن  ہوئے تھے ۔

متعلقہ تحاریر