ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں اضافہ، حصص بازار میں منفی رجحان رہا

انٹربینک میں ڈالر53 پیسے سستا ہوکر 238 روپے 84 پیسہ جبکہ اوپن مارکیٹ میں ساڑھے 4 روپے کمی سے 240 کا ہوگیا ، حصص بازار میں 74 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی

کاروباری ہفتے کے پہلے روز امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی کرنسی کی قدرمیں اضافہ دیکھا گیا۔ انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں 53 پیسے  اور اوپن مارکیٹ میں 4 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ حصص بازارمیں منفی رجحان دیکھا  گیا۔

وزارت خزانہ اور اسٹیٹ بینک کی جانب سے روپے کی قدرمیں اضافے کی یقین دہانی اور معاشی بحران پر قابو پانے کیلئے روڈ میپ دینے کے بعد پیر کو ٹریڈ کے دوران اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے روپیہ  کی قدر میں4 روپے 50 پیسے کا اضافہ ہوا۔

یہ بھی پڑھیے

حکومت کے سخت اقدامات سے ڈیفالٹ کا خطرہ ٹل گیاہے، مفتاح اسماعیل

اسٹیٹ بینک پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق  آج  امریکی ڈالے کے مقابلے میں روپے کی قدر میں اضافہ ہوا۔ انٹر بینک میں روپیہ کی قدر میں 53پیسے اضافہ ہوا جس کے بعد انٹر بینک میں ایک امریکی ڈالر 238 روپے 84 پیسے  پر بند ہوا۔

فاریکس ایسوسی ایشن کے مطابق  اوپن مارکیٹ میں ڈالر  کی قدر میں 4 روپے 50 پیسے کمی دیکھی گئی جس کے بعد اوپن مارکیٹ میں ایک امریکی ڈالر 241 روپے میں  فروخت ہوا۔

معاشی امور کے ماہرین  کا کہنا ہے کہ ملکی درآمدات میں 35 فیصد کمی اور آئی ایم ایف  سے قرض  کے حصول  اور پاکستان کے  ڈیفالٹ  کے خطرات ختم  ہونے کے باعث ڈالر کی قیمت میں کمی دیکھی گئی ہے ۔

دوسری جانب  ہفتہ وارتعطیل کے بعد کاروباری ہفتے کے پہلے روز حصص بازار میں منفی رجحان دیکھا گیا۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس میں 74 پوائنٹس کی کمی کے بعد 40 ہزار 75  پر بند ہوا۔

آج پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 46 ملین سے زائد شیئرز کے کاروبار ہوا۔  ٹی پی ایل پی کے 12  ملین سے زائد کے شیئر زکی خرید و فروخت ہوئی جبکہ ٹی آر جی  کے 9 ملین حصص کا کاروبار ہوا ۔

متعلقہ تحاریر