ریلوے افسران کا احسن اقدام، فلڈ ریلیف فنڈ میں ایک روز کی تنخواہ جمع کروائیں گے

وزیر ریلوے  نے افسران کو سیلاب زدگان کی امداد کی بلا معاوضہ ترسیل کی ہدایت کرتے ہوئے حکم دیا  کہ ریلوے کی میڈیکل ٹیمیں ضلعی انتظامیہ کی مدد کے لیے پہنچیں

وفاقی وزیر برائے ریلوے خواجہ سعد رفیق کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ محکمہ ریلوے کے 17سے 22  گریڈ  کے تمام افسران ایک روز کی تنخواہ فلڈ ریلیف فنڈ میں جمع کروائیں گے۔

وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی زیر صدارت  اجلاس میں  بلوچستان  میں سیلابی صورتحال  سے متعلق  معاملات زیر غور آئے ۔ اجلاس میں متاثرہ علاقوں میں ریلوے کی جانب سے راشن اور طبی امداد کی فراہمی کے اقدامات پر بریفنگ بھی دی گئی۔

یہ بھی پڑھیے

بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں میں پاک بحریہ ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری

وفاقی وزیر نے افسران کو سیلاب زدگان کی امداد کی بلا معاوضہ ترسیل کی ہدایت کی۔ سعد رفیق نے سی ای او ریلوے کو ہدایت کی کہ تمام متاثرہ ڈویژنز میں پاکستان ریلوے کی میڈیکل ٹیمیں ضلعی انتظامیہ کی مدد کے لیے پہنچیں۔

 وفاقی وزیر کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے ریلوے انتظامیہ نے جھل مگسی، قلعہ عبداللہ اور نوشکی میں ریلیف کیمپ قائم کرنے کے لیے ٹیمیں روانہ کر دی ہیں جبکہ ان مہترزئی اور اوستا محمد میں ریلوے ٹیمیں ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کی مدد کے لیے آن کال موجود ہیں۔

ریلوے کی جانب سے سیلاب زدگان کی امداد کی موثر ترسیل کے لیے کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، ساہیوال اور لاہور اسٹیشنز پر کلکشن پوائنٹس بنانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ ان مقامات پر مخیر حضرات اور ویلفئیر تنظیمیں امداد دے سکیں گی جو سیلاب متاثرین تک مفت پہنچائی جائیں گی۔

ریلوے ٹیمز کو سندھ اور بلوچستان کی ضلعی انتظامیہ اور پی ڈی ایم اے سے بھی مسلسل رابطے میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ انتظامیہ کی مدد کے لیے ریلوے ٹیموں میں ریلوے اسکاؤٹس بھی شامل ہیں۔

وزیر ریلوے  نے اس ضمن میں جی ایم ویلفئیر شعیب عادل فلڈ ریلیف آپریشن کے فوکل پرسن مقرر کر دیا گیا ہے جن سے ان کے نمبر 03008386753 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

وفاقی وزیر ریلوے نے افسران کو فلڈ ریلیف آپریشن میں ریلوے کو ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن سے بھرپور تعاون کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ میں ذاتی طور پر اس مہم کی نگرانی کرونگا ۔

متعلقہ تحاریر