ممبئی میں دوا فیکٹری سے 14 ارب روپے مالیت کی 700 کلو گرام منشیات برآمد

ممبئی انسداد منشیات سیل کے حکام کے مطابق گرفتار ملزم آرگینک کیمسٹری میں پوسٹ گریجویٹ ہے اوراپنی  تعلیمی مہارت سے ممنوعہ میفیڈرون   بنا رہا تھا

بھارت کے معاشی حب ممبئی میں ایک دوابنانے والی فیکٹری سے14ارب روپے مالیت کی منشیات (ہیروئن) برآمد کرلی گئی ہے۔ پولیس نے کارروائی کے دوران 5 منشیات فروشوں کو بھی گرفتار کیا ہے ۔

 بھارتی میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ممبئی پولیس حکام اورانسداد منشیات سیل نے ضلع پالیگھر کےعلاقے نالاسوپارہ میں ایک دوا بنانے والی فیکٹری پرچھاپہ مارکر14ارب بھارتی روپے مالیت کی 700 کلو گرام سے زائد میفیڈرون (Mephedrone) برآمد کرکے 5 افراد کو گرفتارکرلیا ہے ۔

یہ بھی پڑھیے

شکتی کپور کا بیٹا اور شردھا کپور کا بھائی سدھانت کپور منشیات کیس میں گرفتار

ممبئی پولیس کے ایک اعلیٰ افسر نے میڈیا نمائندوں کوبتایا کہ اینٹی نارٹکس سیل اورپولیس نے نالا سوپارہ میں مشترکہ کارروائی کے دوران ایک  دوا بنانے والی فیکٹری سے700 کلو گرام سے زائد ممنوعہ میفیڈرون (Mephedrone) پکڑی ہے جبکہ 5 افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے ۔

ممبئی پولیس حکام نے بتایا کہ کرائم برانچ  کے انسداد منشیات سیل (اے این سی) نے  خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کی ۔ اس دوران انکشاف ہوا کہ مذکورہ فیکٹری میں ممنوعہ  دوا میفیڈرون تیار کی جاتی ہے۔

اے این سی حکام نے کہا کہ رواں سال ممبئی کے مضافاتی علاقے گوونڈی سے ایک منشیات فروش کو گرفتارکرکے اسکے قبضے سے 250 گرام  جبکہ ایک خاتون اور مرد سے تقریباً 3 کلو گرام میفیڈرون بر آمد کیا گیا۔ دوران تفتیش اس فیکٹری کے بارے میں معلومات ملی ۔

ایک پولیس افسر نے بتایا کہ نالاسوپارہ سے گرفتار ملزم آرگینک کیمسٹری میں پوسٹ گریجویٹ ہے اور اس نے اپنی مہارت کو منشیات بنانے میں استعمال کیا۔

بھارتی حکام نے کہا کہ میفیڈرون (Mephedrone)کو مختصر الفاظ میں  ایم ڈی (MD ) یا میاؤ، میاؤ بھی کہا جاتا ہے۔ نیشنل نارکوٹک ڈرگس اینڈ سائیکوٹرپک مادہ (این ڈی پی ایس) ایکٹ کے تحت اس پر پابندی ہے۔

ممبئی کرائم برانچ کے انسداد منشیات سیل  کے مطابق ضبط کی گئی منشیات  شہر اور اطراف کے علاقوں میں  فراہم کی جانے تھی تاہم پہلے اطلاع ملنے پر اس کی ترسیل ناکام بنائی گئی ۔ انہوں نے بتایا کہ حالیہ دنوں میں سٹی پولیس کی جانب سے منشیات کی یہ سب سے بڑی ضبطی ہے۔

Facebook Comments Box