فوادچوہدری نے وزیراعظم کی میثاق معیشت کی پیشکش کو احمقانہ خیال کہہ دیا
فواد چوہدری نے کہا کہ کوئی بھی ذی ہوش شخص کرائم منسٹر کی حکومت کی تباہ کن معاشی پالیسیوں کی حمایت نہیں کرسکتا ہے
تحریک انصاف کے رہنما سابق وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ قومی ڈائیلاگ کیلئے مینڈیٹ ہونا ضروری ہے اور انتخابات کے اعلان کے بغیر مینڈیٹ نہیں مل سکتا ہے۔ حکومت انتخابات پر آمادہ ہی نہیں تو ڈائیلاگ کیا ہو گا؟۔
وزیراعظم شہبازشریف کے قوم سے خطاب میں میثاق معیشت کیلئے قومی ڈائیلاگ کی پیشکش پر اپنے رد عمل میں پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ قومی ڈائیلاگ کیلئے مینڈیٹ ہونا ضروری ہے اور انتخابات کے اعلان کے بغیر مینڈیٹ نہیں مل سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
نون لیگی ارکان رابطے میں جب چاہیں شہباز حکومت ختم کردینگے، فواد چوہدری
فواد چوہدری نے کہا کہ میثاق معیشت ایک احمقانہ خیال ہے۔ سیاسی جماعتیں سیاسی فریم ورک پر اکٹھی ہوتی ہیں۔ معاشی فریم ورک صرف کمیونسٹ نظام میں ایک ہوتا ہے۔
تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کوئی بھی ذی ہوش شخص کرائم منسٹر کی حکومت کی تباہ کن معاشی پالیسیوں کی حمایت نہیں کرسکتا ہے ۔
سابق وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت کے سربراہ شہباز شریف کا انتخابات سے انکار ہر صورت میں اقتدار سے چمٹا رہنے کی ان کی خواہش کا عکاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور جلسے میں لاکھوں لوگوں نے آزادی کے خواب کی تعبیر کو حقیقی آزادی ملنے تک نامکمل قرار دیا۔ ملک گیر تحریک کا آغاز ہو چکا ہے۔ انشاللہ یہ حکومت چند ہفتوں کی مہمان ہے۔
خیال رہے کہ یوم آزادی کے موقع پر قوم سے خطاب میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا تھا کہ میں نے بطور اپوزیشن لیڈر میثاق معیشت کی پیشکش کی تھی اور آج بطوروزیراعظم پھر میثاق معیشت کی پیشکش کرتا ہوں۔
انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں کو پیشکش کی تھی کہ قومی مفاد کو ذاتی انا، ضد اور ہٹ دھر می کی بھینٹ نہ چڑھائیں۔ وقت کا تضاضہ ہے کہ بحیثیت قوم درست سمت میں سفر جاری رکھیں ۔