ٹینس کے سپر اسٹار راجر فیڈرر کا ریٹائرمنٹ کا اعلان، رافیل نڈال کاخراج تحسین

سوئس ٹینس اسٹار نے 24 سالہ کیریئر میں 1500میچز کھیلے، 20 گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتے اور5 سیزن عالمی نمبرایک کھلاڑی کے طور پر مکمل کیے، آئندہ لندن منعقدہ لیور کپ ان کا آخری اے ٹی پی ٹینس ٹورنامنٹ ہوگا

سوئٹزرلینڈ سے تعلق رکھنے والے دنیائے ٹینس کے عظیم کھلاڑی راجر فیڈرر نے 41 سال کی عمر میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔راجر فیڈرر کے حریف رافیل نڈال نے ان کی ریٹائرمنٹ کے اعلان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔

راجر فیڈرر نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر جاری ایک صوتی پیغام میں گرینڈ سلم اور اے ٹی پی ٹورٹینس سے  ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئےکہا ہے کہ آئندہ ہفتے لندن میں منعقدہ  لیور کپ ان کاآخری  اے ٹی پی ایونٹ ہوگا۔

یہ بھی پڑھیے

ٹینس اسٹار راجر فیڈرر 25 سال میں پہلی بار اے ٹی پی رینکنگ سے باہر

انگلش کرکٹ ٹیم کا 17 سال بعد تاریخی دورہ پاکستان پر پرتپاک استقبال

راجر فیڈر نے کہا کہ آپ سب جانتے ہیں کہ پچھلے 3 سال میں انجریز اور سرجریز کے باعث مشکلات سے دوچار رہا ہوں ،میں نے مکمل مسابقتی  فارم کی بحالی کیلیے سخت محنت کی ہے لیکن میں اپنے جسم کی صلاحیت اور استعداد کوجانتا ہوں جو کافی عرصےواضح پیغام دے رہا ہے، میں 41 برس کا ہوچکا ہوں اور 24 سالہ کیریئر میں 1500 سے زائد میچز کھیل چکا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ٹینس نے میرے ساتھ جس فراخدلی کا مظاہرہ کیا ہے ،اس کا میں نے کبھی خواب بھی نہیں دیکھا ہوگا اور اب مجھے یہ تسلیم کرنا ہوگا کہ اب میرا مسابقتی کیریئر ختم کرنے کا وقت آگیاہے۔راجر فیڈرر نے کہا کہ میں کھیل سے محبت کرتا ہوں اور اسے کبھی نہیں چھوڑوں گا لیکن بھی گرینڈ سلم اور اے ٹی پی ٹورنامنٹس میں حصہ نہیں لوں گا۔ راجر فیڈر نے اپنی اہلیہ،بچوں،والدین اور مخالف کھلاڑیوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔

راجر فیڈرر نے اپنے کیریئر میں 20 گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتے اور5 سیزن عالمی نمبرایک کھلاڑی کے طور پر مکمل کیے ۔انہوں نے اپنے حریفوں رافیل نڈال اور نوواک جوکووچ کے ساتھ ٹینس کے سنہری دور کی ابتدا میں اہم کردار اداکیا۔

 راجرفیڈرر کے سب بڑے حریف سمجھے جانے والے ہسپانوی ٹینس اسٹار رافیل نڈال نے ان کی ریٹائرمنٹ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جذباتی پیغام جاری کیا ہے۔
رافیل نڈال نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ میرے دوست اور میرے حریف، کاش یہ دن کبھی نہ آتا، میرے لیے اور کھیل کی دنیا کے لیے آج افسوس کا دن ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمہارے ساتھ اتنے سال گزارانا خوشی کی بات ہے بلکہ یہ اعزاز اور لطف کاباعث بھی رہا،تمہارے ساتھ   کورٹ کے اندر اور کورٹ کے باہر حیرت انگیز لمحات گزرے،امید ہے آئندہ بھی ہم مل کر بہت کچھ کرسکیں گے  ،لندن میں لیورکپ کے دوران آپ سے ملاقات ہوگی۔

متعلقہ تحاریر