کراچی میں فی لیٹر قیمت 50 روپے بڑھوا کر بھی دودھ فروشوں کی من مانی جاری

کمشنر کراچی نے دودھ کی فی لیٹر قیمت 170 روپے مقرر کردی، دکانداروں کا 180 روپے میں فروخت پر اصرار، شہر میں 200 روپے لیٹر فروخت بھی جاری، سرکاری قیمت پر دستیاب دودھ کا معیار گرانے کی شکایات

کمشنر کراچی نے دودھ کی سرکاری قیمت میں 50 روپے فی لیٹر اضافہ  کردیا۔دودھ کی نئی سرکاری قیمت 170 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے تاہم دودھ فروشوں نے موجودہ مارکیٹ ریٹ 200 روپے فی لیٹر سے 20 روپے کم یعنی180 روپے فی لیٹردودھ  فروخت کا فیصلہ کیاہے۔

کمشنر کراچی محمد اقبال میمن کی جانب سے منگل کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق تازہ دودھ کی پرچون قیمت 170 روپے فی لیٹر، ہول سیل اور فارم کی قیمتیں بالترتیب 153اور 160روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

پیٹرول کی قیمت میں کمی، کراچی میں دودھ اور دہی قیمتوں کو پر لگ گئے

دودھ پیئیں، گوشت کھائیں، لمپی وائرس سے انسانوں کو کوئی خطرہ نہیں، ماہرین

ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن کے صدر شاکر عمر گجر نے  انگریزی روزنانمہ ڈان کو بتایا کہ کسان اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ہول سیلرز کو مطلع شدہ قیمت پر دودھ فراہم کیا جائے۔

کمشنر اقبال میمن نے ڈان کو بتایا کہ اسٹیک ہولڈرز نے پیر اور منگل کو ہونے والے اجلاسوں  میں دو روزہ غور و خوض کے بعددودھ کی  170 روپے فی لیٹر کی قیمت پر اتفاق کیا تھا۔انہوں نے خبردار کیا کہ تازہ دودھ نوٹیفکیشن سے زائد قیمت پر فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

دریں اثنا  شہریوں نے شکایت کی ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں میں دودھ بیچنے والے اب بھی 180 سے 200 روپے تک اپنی پسند کی قیمت وصول کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جو دکاندار نوٹیفکیشن قیمت وصول کر رہے تھے وہ غیر معیاری اور ملاوٹ والا دودھ فروخت کر رہے ہیں جبکہ عام کوالٹی کا دودھ 200 روپے فی لیٹر میں دستیاب ہے۔

گلشن اقبال کے ایک رہائشی نے بتایا کہ منافع خوروں کے خلاف حالیہ کریک ڈاؤن کے بعد ان کے علاقے میں دودھ کامعیار گرادیاگیا ہے ،اب کوئی بھی معیار میں فرق دیکھ سکتا ہے، کسی بھی صورت میں نقصان صارفین کا ہی ہورہا ہے ۔

ایک خاتون خانہ  نے دودھ کے معیار کے بارے میں شکایت کے لیے ڈان کے دفاتر میں فون کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ”اب  انتہائی ناقص معیار کا بدبودار دودھ فراہم کیا جارہا ہے ، کیا انتظامیہ کے پاس مصنوعات کے معیار کو جانچنے کا کوئی طریقہ کار موجود ہے؟“۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال 8نومبر کو کمشنر کراچی نے تازہ دودھ کی قیمت10روپے اضافے کے بعد   130 روپے مقرر کردی تھی تاہم صارفین کے شور شرابے کے بعد کمشنر نے دسمبر 2021 میں تازہ دودھ کا ریٹیل ریٹ 120 روپے فی لیٹر مقرر کیا تھاتاہم شہری حکومت دودھ کی سرکاری قیمت پر عملدرآمد کرانے میں ناکام رہی تھی ۔

متعلقہ تحاریر