فوج کی اعلیٰ قیادت کا دہشت گردوں کو بلا تفریق کچلنے کا عزم

کور کمانڈرز کانفرنس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ فوج دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکے کے لیے پرعزم ہے۔

پاک فوج کی اعلیٰ قیادت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشتگردوں کے خلاف بلا تفریق جنگ جاری رکھیں گے اور پاکستانی عوام کی امنگوں کے مطابق اس لعنت کو ختم کریں گے۔

اس عزم کا اظہار بدھ کے روز جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں منعقدہ 254ویں کور کمانڈرز کانفرنس میں کیا گیا۔ کانفرنس کی صدارت چیف آف آرمی سٹاف (سی او اے ایس) جنرل سید عاصم منیر نے کی۔

واضح رہے کہ نئے آرمی چیف کی عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ پہلی کانفرنس تھی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق 27 دسمبر سے 28 دسمبر تک ہونے والے دو روزہ اجلاس میں فوج کے پیشہ ورانہ اور تنظیمی امور کا جامع جائزہ لیا گیا۔

یہ بھی پڑھیے

اسلام آباد دھماکے کے تمام ملزمان اور ہینڈلرز کو گرفتار کرلیا گیا، رانا ثناء اللہ کا دعویٰ

بیرون ممالک سے ملنے والے تحائف سے متعلق پالیسی تبدیل کرنے کی تجویز سامنے آگئی

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق "کانفرنس کے دوران اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ دہشت گردوں کے خلاف بلا تفریق لڑیں گے اور پاکستانی عوام کی امنگوں کے مطابق اس لعنت کو ملک سے ختم کریں گے۔”

خیال رہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی جانب سے حکومت کے ساتھ مہینوں سے جاری جنگ بندی کے خاتمے کے بعد ملک بھر میں دہشت گرد حملوں میں حالیہ اضافے کے بعد فوج کی جانب سے یہ بیان سامنے آیا ہے۔

واضح رہے کہ حکومت پاکستان اور کالعدم ٹی ٹی پی کے درمیان رواں سال جون میں جنگ بندی کا معاہدہ طے پایا تھا۔

حالیہ دنوں میں خیبرپختونخوا، جنوبی پٹی، اور ضم شدہ اضلاع میں عسکریت پسندوں کی جانب سے متعدد دہشتگردانہ حملے کیے گئے ہیں جن کے نتیجے میں ایک کیپٹن سمیت 6 اہلکار شہید جبکہ 15 سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔

گذشتہ ہفتے اسلام آباد کے سیکٹر آئی ٹین فور میں ایک خودکش دھماکے میں ایک پولیس اہلکار شہید اور کم از کم چھ افراد زخمی ہوگئے تھے جن میں چار پولیس افسران اور دو شہری شامل تھے۔ حملے کی ذمہ داری ٹی ٹی پی نے قبول کی تھی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی حال ہی میں پاکستان میں موجود تمام وسائل کو بروئے کار لا کر دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے عزم کا اعادہ کیا تھا۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ "ہم ان کی روک تھام کے لیے سخت محنت کر رہے ہیں۔ ہم پاکستان میں امن قائم کرنے کے لیے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔”

متعلقہ تحاریر