اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے فیصل بینک لمیٹڈ کو اسلامی بینکنگ لائسنس جاری

فیصل بینک کے صدر اور سی ای او یوسف حسین کا کہنا ہے کہ ”یہ تبدیلی درحقیقت ایمان، یقین محکم، عزم اور کامیابی کے حصول کے یقین کا ایک سفر ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے فیصل بینک لمیٹڈ (ایف بی ایل) کو اسلامی بینکنگ لائسنس جاری کردیا ہے جس کے بعد اب فیصل بینک پاکستان کا دوسرا سب سے بڑا مکمل اسلامی بینک بن گیا ہے۔

اس تاریخی موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان جمیل احمد نے کہا کہ ”فیصل بینک لمیٹڈ کی تبدیلی پاکستان کی بینکنگ صنعت کی تاریخ میں اپنی نوعیت کی اولین تبدیلی ہے۔ یہ نا صرف بینکوں بلکہ پاکستان کی اسلامی بینکاری کی صنعت کیلئے ایک منفرد کامیابی ہے۔“

یہ بھی پڑھیے

سال رواں کے آخری کاروباری روز اسٹاک مارکیٹ میں 673 پوائنٹس کا اضافہ

دیوالیہ کے خطرات؟ زرمبادلہ کے ذخائر صرف ایک  ماہ کے درآمدی بل کے قابل رہ گئے

فاروق رحمت اللہ خان، چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز فیصل بینک لمیٹڈ نے کہا کہ ”فیصل بینک کی ٹیم نے دنیا کی سب سے بڑی تبدیلی کرتے ہوئے ایک روایتی بینک کو اسلامی بینک میں تبدیل کرنے کا سنگ میل حاصل کرکے ایک تاریخ رقم کی ہے۔ مجھے کامل یقین ہے کہ آنے والے سالوں میں بینک کو ترقی کے سفر پر گامزن رکھنے میں شرعی تقاضوں پر عملدرآمد کے تناظر میں کی گئی یہ تبدیلی ہماری کامیابی کا سب سے کلیدی عنصر ثابت ہوگا۔“

اسلامی بینکاری کا لائسنس ملنے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے فیصل بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے نائب چیئرمین احمد عبدالرحیم محمد عبدللہ بچیری نے کہا کہ ”یہ بے مثال کاوش اور شاندار کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ بینک ملک کا بہترین اسلامی بینک بننے کیلئے پُرعزم ہونے کے ساتھ ساتھ اسلامی بینکاری کی صنعت کے فروغ کیلئے بھی نمایاں کردار ادا کرے گا۔“

فیصل بینک کے صدر اور سی ای او یوسف حسین نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ”یہ تبدیلی درحقیقت ایمان، یقین محکم، عزم اور کامیابی کے حصول کے یقین کا ایک سفر ہے۔ میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان، اپنے قابل قدر صارفین، بورڈ آف ڈائریکٹرز، شریعہ اسکالرز اور امپلائز کا اس پورے عمل کے دوران مسلسل معاونت اور اشتراک فراہم کرنے پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔“

فیصل بینک لمیٹڈ SCFR1 کی ہائسٹ لوکل شریعہ ریٹنگ کا حامل ہے جو اس کو انٹرنیشنل اسلامک ریٹنگ ایجنسی (IIRA) کی جانب سے دی گئی ہے۔

بینک اپنے کسٹمرز کی حلال بینکنگ کی ضروریات کو سہولت کے ساتھ پورا کرنے کیلئے شریعہ کمپلائنٹ بینکنگ پروڈکٹس اور سروسز کی وسیع رینج پیش کرتا ہے۔ 700 اسلامی برانچوں کے نیٹ ورک کا حامل فیصل بینک پاکستان کے 253 شہروں اور قصبوں میں خدمات فراہم کر رہا ہے۔

متعلقہ تحاریر