پاک بحریہ کے جہازوں کا بیرون ملک تعیناتی کے دوران عمان اور ایران کا دورہ

پاک بحریہ کے بیڑے کی جانب سے عمان اور ایران کی بندرگاہوں کا دورہ دوست ممالک کے ساتھ موجودہ سفارتی اور خوشگوار تعلقات کو مزید فروغ دے گا۔

اسلام آباد: پی این ایس راہنورد ، رسدگار اور پی این سب میرین حشمت پر مشتمل پاک بحریہ کے بیڑے نے بیرون ملک تعیناتی کے دوران مسقط ، اومان اور پورٹ بندر عباس ، ایران کا دورہ کیا۔

میزبان ممالک کی بندرگاہوں پر آمد کے موقع پر پاکستانی سفارتخانوں کے نمائندوں اور میزبان بحریہ کے حکام نے پاک بحریہ کے جہازوں کا پرتپاک استقبال کیا۔

یہ بھی پڑھیے

معاشی بحران کے باعث سفارت خانوں کو ڈالر میں ادائیگیاں روک دی گئیں

پاکستانی خفیہ اداروں کی بڑی کارروائی، خودکش حملہ آوروں کا بڑا نیٹ ورک پکڑا گیا

مشن کمانڈر نے جہازوں کے کمانڈنگ آفیسرز کے ہمراہ دونوں ممالک کی بحری قیادت سے ملاقات کی۔

ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور میری ٹائم سیکیورٹی میں تعاون، پاکستان کی جہاز سازی کی صلاحیت، سمندری تربیت سمیت پاک بحریہ میں ٹریننگ کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مشن کمانڈر نے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کی طرف سے میزبان ممالک کے عوام اور بالخصوص میزبان بحری افواج کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

پورٹ کالز کے دوران مختلف دوطرفہ سرگرمیوں بشمول جہازوں کے دورے، فوجی تنصیبات کے تعارفی دورے اور  میٹنگز کا انعقاد کیا گیا۔ پاکستانی اسکول مسقط کے طلباء اور پاکستانی کمیونٹی کے ارکان نے بھی پاک بحریہ کے جہاز کا دورہ کیا۔

دورہ ایران کے اختتام پر پاک بحریہ کے جہازوں نے ایرانی بحریہ کے جہاز IRIS KAMAN کے ساتھ بحری مشق میں حصہ لیا جس کا مقصد باہمی تعاون کو فروغ دینا تھا۔

پاک بحریہ کے بیڑے کی جانب سے عمان اور ایران کی بندرگاہوں کا دورہ دوست ممالک کے ساتھ موجودہ سفارتی اور خوشگوار تعلقات کو مزید فروغ دے گا۔

متعلقہ تحاریر